کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل رائونڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا غلبہ رہا جنہوں نے تمام کیٹگری کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ لیڈیز سنگلز میں ماہ نور شہزاد اور پلوشہ بشیر جبکہ مینز سنگلز میں محمد عرفان سعید بھٹی اور رضوان عالم گولڈ میڈل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگے ۔ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل راونڈ میں جمعرات کو مینز سنگلز کیٹگری میں پہلے سیمی فائنل میں محمد عرفان سعید بھٹی نے ہم وطن سید شبیر حسین کو آسان مقابلے کے بعد 21-9، 21-9سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں رضوان اعظم نے محمد مقیط کو 21-13اور21-8سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ لیڈیر سنگلز کیٹگری کے پہلے سیمی فائنل میں ماہ نور شہزاد نے صبا رشید کو 21-14، 21-10 جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پلوشہ بشیر نے نیپال کی نانگیشال تمنگ کو 21-6 ،21-12سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ مسکڈ ڈبلز کے پہلے سیمی فائنل میں نیپال کے رتنا جیت تمنگ اور نانگیشال تمنگ نے پاکستان کے رضوان احمد اور سارہ مہمند کو 21-17اور21-15جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں عرفان سعید بھٹی اور میمونہ عامر نے مراد علی اور صبا رشید کو سخت مقابلے کے بعد 18-21،21-16، 21-16سے مات دیکر فیصلہ کن مرحلہ کیلئے کوالیفائی کیا ۔ مینز ڈبلز کے پہلے سیمی فائنل میں عرفان سعید بھٹی اور عظیم سرور نے انجم بشیر اور عامر سعید کو 21-15، 21-11جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں رضوان اعظم اور کاشف علی نے محمد عتیق اور اوایس زاہد کو 21-10اور21-10سے زیر کیا ۔ ٹورنامنٹ کا فائنلز جمعے کو کھیلیں جائینگے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ ہونگے جو کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرینگے ۔