کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈی ایس ریلویز کوئٹہ ڈویژن محمد حنیف گل نے کہا ہے کہ سبی ہرنائی سیکشن پر مرمت کاکام جاری ہے اور مارچ اپریل تک یہ سیکشن آپریشنل ہو جائے گا یہ بات انہوں نے گزشتہ روز المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے منتظمین کے ہمراہ ریلوے کلاس فور کے مستحق افراد میں چاول کی بوریاں تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی سیکشن کی مرمت کے بعد اسے ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے مارچ اپریل تک کھول دیا جائے گا جس سے تجارتی سامان کی نقل و حمل میں تاجروں کو سہولت ہوگی اور ریلوے کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مسافروں اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان میں مسافروں کی سہولت اور ریل کے نظام کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں جن کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے انہوں نے کہا کہ ریلوے کے کلاس فور کے ملازمین کے کوارٹرز کی مرمت کیلئے خصوصی فنڈز جاری کئے جائیں گے اور دیگر مسائل بھی جلد حل کریں گے ۔