کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف آف نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپین شپ کے سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑی فرحان محبوب ریفری کے متنازع فیصلوں کی بھینٹ چڑھ گئے، جس کے باعث شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ ان کو چیمپین شپ کے ٹاپ سیڈ مصر کے عمر عبد المغید کے ہاتھوں 3-1کی شکست سے دوچار ہونا پڑا جبکہ مصر کے زاہد محمد نے امریکہ کے ٹاڈ ہیرٹی کو بھی 3-1سے شکست دیتے ہوئے فیصلہ کن معرکہ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ جمعےکو مصحف علی اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں 25 ہزار امریکی ڈالرز کی انعامی رقم کی حامل چیمپین شپ کا پہلا سیمی فائنل مصر کے کھلاڑی عمر عبد المغید اور پاکستانی کھلاڑی فرحان محبوب کے درمیان کھیلا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید رضی نواب،سیکرٹری عامر نواز، اسکواش کے نامور لیجنڈ جہانگیر خان،زرق خان اور محبوب خان بھی موجود تھے۔ پہلے سیمی فائنل کی پہلی گیم میں اپنے شاندار کھیل کی بدولت فرحان محبوب نے 11-5 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرلی تاہم آسٹریلین ریفری رسل کے متنازعہ فیصلوں کی وجہ سے فرحان محبوب با قی تینوں گیمزمیں 10-12، 14-12 اور 12-10کی شکست سے دوچار ہونا پڑا جبکہ مصر کے کھلاڑی عمر عبد المغید نے 57 منٹ کے مقابلے میں تین ۔ایک سے کامیابی حاصل کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ اس موقع پر سابق ورلڈ چیمپین جہانگیر خان بھی آسٹریلین ریفری رسل کے فیصلوں پر حیرانگی کا اظہار کرتے رہے۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں امریکی کھلاڑی ٹاڈ ہیئرٹی کو مصری کھلاڑی زاہد محمد کے ہاتھوں 49 منٹ کے مقابلے میں 3-1 کی شکست سے دوچار ہونا پڑا میچ میں محمد زاہد نے 7-11، 13-11 ،11-8 ،11-7سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے فیصلہ کن معرکہ کیلئے کوالیفائی کیا ۔ چیمپین شپ کا فائنل ہفتے کو کھیلا جائیگا ۔