وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف اورجے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہناہےکہ اسلام آباد بند کرنا نہ صرف غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام ہےبلکہ عوام اور ملک کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے، باشعور عوام ایسے کسی تماشے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
مولانا فضل الرحمان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی لاہورمیں ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانافضل الرحمان کاکہناتھاکہ پاناما کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے، ایسےمیں احتجاج کا کوئی اخلاقی اور سیاسی جواز نہیں، احتجاجی مظاہرےاب مرضی کا فیصلہ لینے کےلیے عدالت پر دبائو ڈالنےکے مترادف ہیں۔ انہوں نےعمران خان سےکہاکہ وہ پے درپےشکستوں کابدلہ غریب عوام سے نہ لیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ شکست خوردہ عناصر کونظر آرہا ہے کہ تیزرفتار ترقی کے منصوبے مکمل ہو گئے تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہوجائے گی، منفی سیاست کرنے والے سی پیک بند کرواکر عوام کی خوشیاں چھینناچاہتے ہیں، اسلام آباد بند کرکےانتشار کی سیاست کرنے والے پاکستان کی جگ ہنسائی چاہتے ہیں لیکن باشعور عوام ترقی کےان دشمنوں کے چہرے پہچان چکے ہیں،قوم ایسے کسی تماشے کا حصہ نہیں بنے گی ۔