راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے، خبر نگار) ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے بنیادی مرکز صحت کوٹھہ کلاں میں ایک بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر شمائلہ اور مسلم لیگی رہنما چوہدری آصف محمود، چوہدری عابد بھی موجود تھے۔ طلعت محمود گوندل نے کہا کہ والدین اپنے 5سال سے کم عمر بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے اور معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کیلئے قطرے ضرور پلوائیں۔ دریں اثناءوفاق کے زیرانتظام قبائیلی علاقہ جات (فاٹا) میں بھی تین روزہ انسداد پولیو مہم پیر کوشروع ہوگئی ، فاٹا سیکرٹریٹ کے ترجمان محمد علی کے مطابق مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے دس لاکھ 68 ہزار 347 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔