• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کو ایک گھنٹہ پہلے تک پتا نہیں ہو تا کیا کرنا ہے،جاوید ہاشمی

ملتان(نمائندہ جنگ) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ2نومبر کو جیت ہو گی نہ ہار، ادارے ٹوٹے تو ملک کا نقصان ہو گا، مجھے وزیراعظم میاں نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کی نہیں قوم کے مستقبل کی فکر ہے، اگر حکومت کا خاتمہ ہوا تو اس کی وجہ میاں نواز شریف نہیں ہوں گے، غیر ملکی قوتیں سی پیک منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دینا چاہتیں، بھارت ہمارے اندرونی خلفشار سے فائدہ اٹھا رہا ہے،سازشیں کسی فرد نہیں بلکہ سی پیک کے خلاف  ہیں، سازشوں کا تعلق نوازشریف ،راحیل شریف اور عمران خان سے نہیں بلکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی سے ہے، اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس  کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ آج پاکستان کے خلاف سازشیں عروج کو پہنچ چکی ہیں،  تحریک انصاف میں مشاورت کا کوئی نظام نہیں، تحریک انصاف کی کور کمیٹی کچھ فیصلہ کرتی ہے جبکہ  عمران خان کچھ اور فیصلہ کرتے ہیں، عمران خان کو ایک گھنٹہ پہلے تک پتہ نہیں ہو تا کہ کیا کرنا ہے، کور کمیٹی متعدد بار کہہ چکی ہے کہ انہیں استعمال کیا جارہا ہےمگر ان کی بات کو اہمیت ہی نہیں دی جاتی ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھی معلوم نہیں کہ وہ کس کے کہنے پر سی پیک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، روس اور بھارت پاکستان کو توڑنا چاہتے تھے لیکن روس نے تو بہ کرلی بھارت بھی چھ سات ماہ کے بعد روس کی طرح گھٹنے ٹیک دے گا اور راستہ مانگے گا،بھارت کو اپنی معاشی ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر حل کرنا پڑے گا، ا نہوں نے کہا کہ بھارت کی معاشی ترقی بھی واہگہ بارڈر کے ذریعے سنٹرل ایشیاء تک رسائی سے ممکن ہے ،چاہ بہار کے ذریعے بھارت کی سنٹرل ایشیاء تک رسائی موزوں نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کے سی پیک کے حوالے سے سوالات کا جواب چینی سفیر نے دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاستدان اپنی جنگیں ضرور لڑیں مگر امریکا یا دوسروں کی جنگیں نہ لڑیں، پارلیمنٹ یا سسٹم کو توڑ کر کوئی گارنٹی ہے کہ الیکشن ہوجائیں گے، انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے کہوں گا کہ جس کے کہنے پر وہ باتیں کرتے ہیں ایسا نہ کریں۔
تازہ ترین