ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی)تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد ’بابا حیدر زمان‘ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ’ایبٹ آباد‘ آمد کے موقع پر اعلان کردہ احتجاج ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’کارکنوں کے درمیان ممکنہ تصادم کے باعث ایک ایسے ذمہ دار طرزعمل کا مظاہرہ کیا گیا ہے جس سے ہزارہ کی سرزمین پر پائے جانے والی بھائی چارے کی فضاء مکدر نہ ہو۔‘‘ گذشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر نگری ٹوٹیال سے تعلق رکھنے والے 45 افراد کی تحریک صوبہ ہزارہ میں شمولیت کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے بابا حیدر زمان نے کہا کہ ’’پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام بھی یکساں ضروری ہے جس کے لئے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام ایک ناگزیر ضرورت ہے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک صوبہ ہزارہ کو کسی سوائے اللہ تعالیٰ کی ذات کسی کا خوف نہیں۔‘‘ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور اپنی صفوں میں غداروں کو گھسنے نہ دیں۔