لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں بیٹھے چور احتساب چاہتے ہیں نہ چوری کا مال واپس کرنے کو تیار ہیں ۔چوروں کے ذریعے چوروں کا احتساب نہیں ہوسکتا ۔قوم احتساب اور مکمل حساب کتاب چاہتی ہے ۔ وہ لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تین بار ٹی وی پر خود کو احتساب کیلئے پیش کیا مگر ایک بار بھی کسی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے ۔جب تک کرپٹ حکمران ٹولہ موجود ہے ملک ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کرسکتا ۔حکومت اور جمہوریت پر سیاسی برہمنوں اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کا قبضہ ہے ۔70سال میں ایک بار بھی عوام کو حقیقی نمائندے اور اقتدار میں نمائندگی نہیں مل سکی۔الیکشن کمیشن ،نیب اور احتساب کے دیگر ادارے یرغمال ہیں ۔مردم شماری اوراردو کو قومی و دفتری زبان بنانے کے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا ۔وکلاءنے تحریک پاکستان اور ملک میں ڈکٹیٹر شپ کے خاتمہ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ،اب ضرورت ہے کہ وکلاءکرپشن کے خاتمہ اور دیانتدار قیادت کے انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے میدان میں آئیں ۔ بار سے صدررانا ضیاءعبد الرحمٰن اور سیکریٹری انس غازی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ حافظ عبد الرحمٰن انصاری ،چوہدری خالد فاروق صدر آئی ایل ایم ،نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ،پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مشرف کو اس کے انجام تک پہنچانے میں اللہ نے وکلاءسے ابابیلوں کا کام لیا ،مگر آج پھر حکمران پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کیلئے خطرہ بن چکے ہیں ۔انہوں نے کرپشن کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں صرف وزیر اعظم نواز شریف کی ہی نہیں بلکہ اقتدار میں رہنے والے موجودہ اور سابقہ حکمران جنہوں نے قومی دولت کو دل کھول کر لوٹا اور کرپشن کا پیسہ بیرونی بنکوں میں رکھا سب کے بلاامتیاز اور بے رحم احتساب کی بات کرتا ہوں ۔کرپشن نے تمام اداروں کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ۔اب کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔انہوں نے کہا کہ سب چاہتے ہیں کہ تبدیلی آئے مگر یہ ثابت ہوگیا ہے کہ محض حکمرانوں کی تبدیلی سے تبدیلی نہیں آتی بلکہ ایک پائیدار تبدیلی کیلئے دیانتدار قیادت کا برسراقتدار آنا ضروری ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 30اکتوبر کو جماعت اسلامی لاہور میں کرپشن مکائو مارچ کررہی ہے جس میں وکلاءبرادری اور زندہ دلان لاہور لاکھوں کی تعداد میں شریک ہونگے۔سینیٹر سراج الحق نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شد ید مذمت کی اور سانحہ کوئٹہ ،مردان اور دیگر واقعات میں شہید ہونے والے وکلاءاور سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔