اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پانا پیپرز کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی کمیشن کے شرائطِ کار (ٹی او آرز) پر پی ٹی آئی سمیت تمام اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن اپوزیشن کے مرتب کردہ وہ ٹی او آرز قبول نہیں کیے جائیں گے جنہیں سینیٹ میں ایک بل کے ذریعے قانون بنانے کی بات کی گئی ہے۔ بدھ کو CAREC اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کے پاس موجودہ مسئلے کے حل میں تاخیر کا آپشن نہیں ہے، حکومت نے مسئلے کے حل کیلئے پوری کوشش کی اور آئین و قانون کے مطابق تحقیقات کرانا چاہی لیکن اپوزیشن نے خلافِ قانون تجاویز پیش کیں، ان کی تجاویز صرف ایک شخص کیلئے مخصوص تھیں اور متعلقہ قوانین کو توڑا مروڑا گیا تاکہ صرف ایک شخص کو ٹارگٹ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے، عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے اور کون تخریب کاری کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے غیر ملکی وفود نے دورہ منسوخ یا ملتوی کردیا ہے جس سے ملک کے امیج اور معیشت کو نقصان ہوگا۔ اسی دوران ہوٹل کے کاروبار سے وابستہ افراد نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ غیر یقینی صورتحال اور ممکنہ شورش کی وجہ سے آئندہ ہفتے کیلئے اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹلز میں 1500؍ کمروں کی بکنگ منسوخ کردی گئی ہے۔