پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور سکاٹش وزیر اول نکولا سٹرجن نے پولیس ، سیاحت، قابل تجدید توانائی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں راہنمائوں نے باہمی تعاون کیلئے خاطر خواہ پوٹنشیل کے حامل مزید شعبوں کو اُجاگر کرنے کیلئے فوکل پرسنز کے ذریعے قریبی روابط کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ سکاٹش پارلیمنٹ ایڈن برگ میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور سکاٹش وزیر اول نکولاسٹر جن کے درمیان اہم ملاقات میں باہمی تعاون کے شعبوں اور باہمی دلچسپی کے اہم پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وزیر اول کو خیبرپختونخوا حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ پرویز خٹک نے کہاکہ ان کی حکومت نے صوبے میں شفاف حکمرانی کو فروغ دینے کیلئے بے شمار اصلاحات کی ہیں اور ریکارڈ قانون سازی کی ہے ۔ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ کر صوبائی اداروں کو جدید خطو ط پر استوار کیا ہے اور اب وہ عوامی خواہشات کے مطابق خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ اطلاعات تک رسائی ، خدمات تک رسائی جیسے اہم قوانین کے ذریعے اداروں کو جوابدہ بنایا گیا ہے۔ پولیس کو انتظامی خودمختاری دے کر سیاسی اثر ورسوخ سے بالکل پاک کردیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے مقامی حکومتوں کو با اختیار بنایا گیا اور تمام اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ مقامی حکومتوں کو جمہوریت کی نرسریاں سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ترقیاتی بجٹ کا تیس فیصد مقامی حکومتوں کو دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبے کے سیاحت ،توانائی ، ثقافت اور صنعت سمیت دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ان کی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے سرمایہ دار صوبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیراول نے صوبائی حکومت کی اصلاحات کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون سے اتفاق کیا۔ انہوںنے سکاٹ لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کے اعلیٰ کردار کو بھی سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا حکومت اور سکاٹ لینڈکی حکومت اور ان کے عوام کے درمیان اعتماد کی فضاء برقرار رہے گا اور ایک دوسرے سے تعاون یقینی بنائیں گے۔ دونوں رہنمائوں نے سکاٹ لینڈ پولیس اور خیبرپختونخوا پولیس کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ اس سے فریقین کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے ۔دریں اثناءخیبرپختونخوا پولیس اور سکاٹ لینڈ پولیس کے درمیان قانون کی حکمرانی کی بہتری اور ادارہ جاتی سرگرمیوں کی ترقی کیلئے باہمی تعاون کے سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ۔ یاداشت کے مطابق فریقین پیشہ وارانہ معلومات اور تجربات کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ، تربیت و ترقی ، انسداد دہشت گردی ، فرانزک تحقیق اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم اُمور میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے اور ان شعبوں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ایک ساتھ کام کریں گے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا صلاح الدین خان اور ڈپٹی چیف کانسٹیبل سکاٹ لینڈ پولیس Iain Livingstone نے سکاٹش پولیس اکیڈمی ٹلیالن میں اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر باضابطہ دستخط کئے ۔