گھوٹکی (نامہ نگار) اینٹی کرپشن گھوٹکی سرکل آفیسر صوفی عبدالحفیظ چاچڑ ، انسپکٹر ساول گھوٹو نے اپنے عملے کے ہمراہ ڈائریکٹر کچی آبادیز سکھر آفیس پر چھاپہ مارکر تعلقہ میونسپل کمیٹی گھوٹکی کے سابق سی ایم او کو گرفتار کرکے گھوٹکی منتقل کیا۔ اس موقع پر سرکل آفیسر صوفی عبدالحفیظ چاچڑ ، انسپکٹر ساول گھوٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق سی ایم او نے اپنی تعیناتی کے دوران ٹھیکیدار مشتاق لبانو سے سی سی بلاک اور ڈرینج کی اسکیموں کا سروے مکمل ہونے کے باوجود پیمنٹ نہیں کی اور ٹھیکیدار سے ایک لاکھ روپے رشوت بھی لی، رشوت لینے کے باوجود سابق سی ایم او نے ٹھیکیدار کو پیمنٹ نہیں کی جس پر انہوں نے اینٹی کرپشن سکھر کی عدالت میں درخواست داخل کرائی۔ عدالت میں پیش نہ ہونے پر اینٹی کرپشن کورٹ نے سی ایم او کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا جس پر انٹی کرپشن پولیس گھوٹکی نے سکھر میں کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ سرکل آفیسر نے بتایا کہ سی ایم او پر گھوٹکی میں مقرری کے دوران جعلی بھرتی کرنے کا الزام بھی ہے، ایسی شکایتیں بھی ملی ہیں کہ سابق سی ایم او نے 16 گریڈ کی ملازمتیں بھی دی ہیں اور یہ ملازمتیں لوگوں سے پیسے لے کردی گئیں ۔ جعلی بھرتیوں کے حوالے سے بھی اینٹی کرپشن پولیس تفتیش کررہی ہے۔ گرفتار کئے گئے سی ایم او کو ہفتہ کو اینٹی کرپشن عدالت سکھر میں پیش کیا جائیگا۔