لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراطلاعات پرویز رشید کا استعفیٰ گہرے غور و فکر کا متقاضی ہے۔اتنے سنگین الزام پر پرویز رشید کو وزارت سے ہٹانا کوئی سزا نہیں ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کی کرپشن کیخلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے، اقتدار میں آ کر سب چور لٹیرے جیل میں ڈالیں گے،۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وحدت روڈ کرکٹ گرائونڈ لاہور میں جاری جماعت اسلامی پنجاب کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد،نائب امراءجماعت اسلامی پاکستان فریداحمد پراچہ،اسداللہ بھٹو،پروفیسر محمدابراہیم،احمد بلال محبوب ،ابوسفیان اصلاح، سید وسیم اختر،بلال قدرت بٹ،شیخ عثمان فاروق ودیگرمقررین نے خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چور کا احتساب چور اور شرابی کا احتساب شرابی کیسے کریگا، ملک میں 300 خاندانوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی بنا رکھی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چار سیاسی پارٹیوں کے انتخابات ہوئے جن میں سب بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے نام پر اتنا بڑا فراڈ دیکھ کر عوام کو سمجھ جانا چاہیے کہ جن پارٹیوںکے اپنے اندر جمہوریت نہیں وہ ملک میں جمہوری نظام کیسے آنے دیں گے۔الیکشن کمیشن پارٹیوں کے انتخابات بھی اپنی نگرانی میں کرائے اور انہیں پارٹیوں کو الیکشن میں حصہ لینے دیا جائے جو الیکشن کمیشن کی نگرانی میں اپنے اندر انتخابی عمل مکمل کریں۔ حکومت اور اپوزیشن میں موجود لٹیروں اور قرضے معاف کرانے والوں کی لسٹیں موجود ہیں ان میں سے کسی ایک کو بھی نہیں چھوڑیں گے، سب کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے اور اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر اڈیالہ جیل میں بند کرینگے۔70سال سے قوم کا خون چوسنے والی عالمی اسٹیبلشمنٹ کی جونکوں نے جتنا خون چوسنا تھا چوس چکیں اب عوام انہیں برداشت نہیں کرینگے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک میں نظام مصطفےٰ کے نفاذ کیلئے عوام متحد ہو جائیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر قوم عزت سے زندگی گزارنا چاہتی ہے تو عزت صرف شریعت کے نظام میں ہے۔70سال تک عوام نے ان لوگوں کو سر پر بٹھائے رکھا جو قومی مفادات کی بجائے امریکی مفادات اور عالمی سامراج کے ایجنڈے پر کار بند رہے۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن کےخلاف شور مچانے اور غل غپاڑے کرنے والوں کے اپنے نام بھی آف شور کمپنیوں کے مالکان کی لسٹ میں ہیں۔ یہ حکومت کرپشن کے نہیں عوام کے خلاف ہے۔