ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی کا ٹائٹل بھارت نے جیت لیا، فائنل میں پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہوئی۔
کوانٹن میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے کے پہلے دو کوارٹر میں بھارتی ٹیم چھائی رہی، پہلے کوارٹر میں گول تو کوئی نہیں ہوا لیکن بھار ت نے پاکستانی گول پر پے درپے حملے کیے۔
دوسرے کوارٹر میں بھارت نے اسکورنگ کا آغاز کیا، پہلا گول کپتان روپندر پال سنگھ نے پنالٹی کارنر پر بنایا۔ پانچ منٹ بعد عفان یوسف نے فیلڈ گول کے ذریعے بھارت کی برتری دگنی کردی، لیکن صرف تین منٹ بعد پاکستان کے علیم بلال نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچادی۔
تیسرے کوارٹر میں علی شان نے پاکستان کی جانب سے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ کھیل کے چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھارت کے نکھن تھیمائما نے گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی جو آخر وقت تک قائم رہی۔ تین دو کے اسکور سے فائنل کا اختتام ہوا اور بھارت دوسری بار ایشین چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہا۔ پاکستان کے احمد شکیل بٹ ٹورنامنٹ کے بہترین جونیئر پلیئر قرار دیئے گئے۔