کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان روایتی حریف بھارت کا حساب چکانے میں کامیاب نہ ہوسکا، فائنل میں 3-2کی شکست کے بعد اپنے اعزاز سے محروم ہوگیا۔ اچھی خبر کی منتظر قوم کو ہاکی کے میدانوں سے ایک بار پھر مایوسی ملی۔ اتوار کو کوانٹن ملائیشیا میں کھیلے جانے والے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو رائونڈ میچ کے اسکور سے ہی مات دی، قومی کھلاڑیوں کا آخری کوارٹر میں اسٹیمنا جواب دے گیا تھا، پورے میچ میں گول کے مواقع ضائع کرنے کی روایت بھی برقرار رہی، آخری کوارٹر میں میچ کو برابر کرنے کا ایک موقع پنالٹی کار نر کی شکل میں ہاتھ آیا مگر اس سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔ فائنل میں دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد گرین شرٹس نے کم بیک کیا اور 12منٹ میں دو گول داغ کر میچ برابر کردیا۔ لیکن اس کے بعد ہمت جواب دی گئی۔ فائنل کے پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، البتہ دوسرے کوارٹر میں بھارت نے یکے بعد دو گول کرکے واضح برتری حاصل کرلی۔ بھارت کی جانب سے 18ویں منٹ میں روپندر پال پنالٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی، 23ویں منٹ میں عفان یوسف نے فیلڈ گول کیا۔ پاکستان نے26ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر خسارہ کم کیا، تیسرے کوارٹر میں 38ویں منٹ میں شان علی نے خوبصورت فیلڈ گول سے مقابلے کو برابر کردیا، آخری کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑی تھکے ہوئے نظر آئے جس کا بھارتی کھلاڑیوں نے بھر پور فائدہ اٹھایا اور51ویں منٹ میں تھمائے چندانہ نے پاکستان کی دفاعی لائن کو بے بس کرتے ہوئے گول کیپر کو ڈاج دے کر گیند کو جال میں اچھال دیا اس طرح بھارت نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر 2011کے بعد ایشین چیمپئنز ٹرافی پر اپنا قبضہ جما لیا۔ اس سے قبل کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں میزبان ملائیشیا نے کوریا کو پنالٹی شوٹ آ وٹ پر 3۔1سے ہرایا، چین نے جاپان کو4۔3 سے مات دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی، جاپان آخری چھٹی پوزیشن پر رہا۔پاکستان کے معاد شکیل بٹ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔