کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی ایچ ایف کراچی ریجن انٹر کلب ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ میں حنیف خان الیون اور بیچم ہاکی کلب فائنل میں پہنچ گئیں۔ دونوں سیمی فائنل عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں حنیف خان الیون نے رؤف الیون کو 2-5 سے شکست دیدی۔ رؤف الیون کی طرف سے پہلے ہی کوارٹر میں سینٹر فارورڈ عارف بھوپالی نے گول کیا۔دوسرے کوارٹر میں عمران نےگول کرکے میچ برابر کردیا۔تیسرےکوارٹرمیں رؤف الیون کو لیفٹ اِن جبران نے ایک بار پھر برتری دلادی تاہم حنیف خان الیون کی جانب سے 38ویں منٹ میں عمران نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔جس کے بعد فاتح ٹیم کی جانب سے اویس نے 43 ویں منٹ میں ، رضوان نے 50ویں منٹ میں اور عمران نے کھیل کے آخری لمحات میں ملنے والے پینلٹی اسٹروک پر گول انفرادی طور پر تیسرا اور مجموعی طور پر اپنی ٹیم کی جانب سے پانچواں گول کردیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ہونے والے رؤف الیون اور نیشنل ہاکی کلب کے درمیان میچ میں امپائر سے بدتمیزی کرنے اور اُسے زد وکوب کرنے کی وجہ سے کراچی ہاکی ایسو سی ایشن کی انضباطی کمیٹی نے رؤف الیون کے سرفراز احمد اور دوالفقار حسین جبکہ نیشنل ہاکی کلب کے گول کیپر ناصر اور عمران پر اگلے تین میچوں کیلیے پابندی لگادی ۔ سیمی فائنل میں انٹرنیشنل کھلاڑی صفدر عباس اور اُن کے صاحبزادے مُدثر عباس نے رؤف الیون کی جانب سے شا ندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں بیچم ہاکی کلب نے پی ڈبلیو ڈی ہاکی کلب کو پینلٹی اسٹروکس پر4-6 سے ہرایامقررہ وقت میں یہ میچ دو دو گول سے برابر تھا۔ فائنل بدھ کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔