لاہور(نمائندہ جنگ )امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کیخلاف تحریک منطقی انجام تک پہنچائینگے، انہوں نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر جبکہ حکمران عوام کی جیبوں پر روز سرجیکل ا سٹرائیک کرتے ہیں، حکومت نے پرویز رشید کی قربانی تو دی ہے مگر یہ نہیں سوچا کہ قربانی کے جانور کا بے عیب ہونا ضروری ہے۔ حکومت کی طرف سے دی گئی یہ قربانی قبول نہیں ہوئی ۔پرویز رشید اتنی بڑی جرات نہیں کر سکتے ۔قومی سلامتی کے راز فاش کرنے کے اصل ملزم سامنے لائے جائیں ۔ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی نے سب سے پہلے تحریک شروع کی تھی اور ہم ہی اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ پاناما لیکس کرپشن کی ہوشربا داستان ہے، جس میں وزیر اعظم کے بچوں کے نام ہیں ،وزیر اعظم کس طرح خود کو اس سے بری الذمہ قرار دے سکتے ہیں۔ ملک میں انتشار اور بدامنی کا ذمہ دار حکمران ٹولہ ہے جنہوں نے عوام پر ایک غیر اعلانیہ جنگ مسلط کررکھی ہے ۔،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے تین روزہ اجتماع میں ارکان کے اختتام پر وحدت روڈ پر ہونے والے کرپشن مٹاؤ پاکستان بچاؤ مارچ کے ہزاروں شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مارچ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نواز شریف ضد چھوڑ کر اپنے اور اپنے بچوں کے احتساب کیلئے تیار ہوجائیں ۔