• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کو بنی گالا سے نکال کر دکھائیں گے، باغی بن گئے حشر نشر ہوجائے گا، یہ نہ ہو کچھ اور نعرہ لگادیں، پرویز خٹک

نوشہرہ (جنگ نیوز / نمائندہ جنگ) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ ہمیں بنی گالا جانے سے دنیا کی کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی ، عدلیہ آزاد ہے ، عمران خان کو بنی گالا سے نکال کر دکھائیں گے ، اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو ہم باغی بن جائیں گے ، ہمیں باغی مت بننے دو ، ہم انتہا پر چلے گئے تو کوئی نہیں روک سکے گا ، وفاق نے غیور پٹھانوں کو للکارا ہے ، باغی بن گئے تو ملک کا حشر نشر ہوجائے گا ، ایسا نہ ہو ہم کچھ اور نعرہ لگادیں ، پٹھان تحریک انصاف ہے اور تحریک انصاف پٹھان ہے ، نواز شریف ، شہباز شریف ، چوہدری نثار تم میرے صوبے میں کیسے آؤ گے وہاں کبھی نہیں چھوڑوں گا، نواز شریف سب سے بڑا چور جبکہ اسفندیار ولی سب سے بڑا ڈاکو ہے ان لوگوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ، سب کو جانتا ہوں ، ہر گھر والوں کو جانتا ہو، ہر گلی گاؤں والوں کو جانتا ہوں سب شکلیں نظر آرہی ہیں سب کو دیکھ لوں گا، عمران خان نے سب پٹھانوں کو اسلام آباد بلایا ہے ، کل صبح (آج ) اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے، ہمارا راستہ روکا گیا تو کوئی کے پی کے میں جلسہ نہیں سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے علاقے مانکی شریف میں ایک بڑے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، صوبائی اسپیکر اسدقیصر، صوبائی وزیرتعلیم محمد عاطف خان، صوبائی وزیر شاہ فرمان، ضلعی ناظم لیاقت خان خٹک، ایم این اے عمران خٹک، ایم پی اے ادریس خٹک، ایم پی اے میاں خلیق الرحمن، ضلعی نائب ناظم حاجی اشفاق احمدخان، تحصیل ناظم نوشہرہ رضاء اللہ خان، نائب ناظم زر عالم خان کے علاوہ دیگر صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اسلام آباد میں نہتے عوام پر پولیس کا لاٹھی چارج قابل مذمت ہے یہ کونسی جمہوریت ہے جس میں آمریت سے بھی زیادہ ظلم کیاگیا عوام پرلاٹھی چارج اور انسو گیس کااستعمال کیاگیا انہوں نے کہا کہ احتجاج ہمارا حق ہے جس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا جمہوریت میں اظہار رائے کی آزادی ہے اور ہم اپنے حق کیلئے احتجاجی مظاہرے اور جلسے کرتے رہیں گے نواز شریف یا اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کریں یا مستعفی ہوجائے کیونکہ قوم کرپٹ وزیراعظم کو برداشت نہیں کرسکتے اس لئے اس ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمے کیلئے جو مہم شروع کررکھا ہے اس میں پوری قوم ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج دس بجے صوابی انٹرچینج سے اسلام آباد بنی گالا جائیں گے اور دو نومبر کو ہونے والے دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے اور عمران خان کی قیادت میں بنی گالا سے دھرنے کے مقام پر پہنچیں گے عوام کے سمندر کو کوئی نہیں روک سکتا کسی نے بھی رکاوٹ ڈالی تو ذمہ داری ان پر ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا سے کرپشن ختم کردیا ہے پولیس، پٹواری اور محکموں میں انقلابی اصلاحات کرکے عوام کے خادم بنا دئیے ہیں سابقہ حکومت نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی جیبیں بھری اور ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں وفاقی حکومت خود عدالت کی توہین کررہی اور راستے بند کررہی ہے، یہ ملک کرپشن اور لوٹ مار کیلئے نہیں بنا، نواز شریف سب سے بڑا چور جبکہ اسفندیار ولی سب سے بڑا ڈاکو ہے ان لوگوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور آج پاکستان کھربوں روپے کا مقروض ہے ہم نے خیبرپختونخوا سے لوٹ مار اور کرپشن ختم کی جبکہ وفاقی حکومت نے کرپشن سے ملک کھو کھلابنادیا ہے عمران خان پاکستان کا واحد لیڈر ہے جو لوٹ مار اور کرپشن کے خلاف نکلاہے اور پوری قوم اس کے ساتھ ہے کیونکہ کرپشن لوٹ مار سے لوگ تنگ آچکے ہیں ہم نے قانون نہیں توڑا ہم وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے پوچھتے ہیں جس کی اس نے خود خلاف ورزی کی۔ سب کو جانتا ہوں ، ہر گھر والوں کو جانتا ہو، ہر گلی گاؤں والوں کو جانتا ہوں سب شکلیں نظر آرہی ہیں سب کو دیکھ لوں گا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ نواز شریف سے کہتا ہوں ہمارا حق نہیں دیتے، ہماری بات نہیں سنتے، باغی بنانا چاہتے ہو، باغی بن گئے تو ملک کا حشر نشر ہوجائے گا۔ باغی مت بننے دو، ہماری زبان مت بدلنے دو، یہ ہو نہ ہو ہم کچھ اور نعرہ لگا دیں، یہ ہمارا ملک ہے، ہم جارہے ہیں اپنے لیڈر کے پاس، ہمارا حق ہے ، روکو گے تو باغی ہوجائیں گے انتہا پر چلے جائیں گے کوئی نہیں روک سکے گا۔ نواز شریف سے کہتا ہوں، چوہدری نثار سے کہتا ہوں اور شہباز شریف سے کہتا ہوں آپ نے پٹھانوں کو للکارا ہے ، ہمارے راستے بند کردیئے، ہمیں پاکستان سے کاٹ دیا سارا دن ، پاکستان سے جدا کرو گے تو برا حشر کر کے دکھاؤں گا ،تم میرے صوبے میں کیسے آؤ گے ، صوبے میں کبھی نہیں چھوڑوں گا ۔ پرسوں نواز شریف نے جلسہ کیا۔ ہمارا راستہ کیوں روکتے ہو ، ڈر پوکوں ، ڈر پوکوں پولیس استعمال کرتے ہو یہ ہماری بھی پولیس ہے، کل صبح دس بجے آرہے ہیں، سب کو جانتا ہوں ، ہر گھر والوں کو جانتا ہو، ہر گلی گاؤں والوں کو جانتا ہوں سب شکلیں نظر آرہی ہیں سب کو دیکھ لوں گا۔ اگر گاڑی نہ ہو بس میں آنا ہے ہر طریقہ سے پہنچنا ہے ، پھر بنی گالا جانا ہے  ۔ عمران خان کو کہتا ہوں پٹھان تحریک انصاف ہے اور تحریک انصاف پٹھان ہے۔ یہی ہمارا وعدہ ہے۔ عمران خان اسلام آباد بند کرنے کا حق رکھتا ہے ۔ کیونکہ یہ ملک ان کا نہیں ہمارا بھی ہے ۔ کسی کی جرأت نہیں کہ عمران کا بال کو نقصان پہنچا سکے۔ ملک کو جس طرح لوٹا جارہا ہے، ہمیں شرم آتی ہے، ہمیں حکمرانوں کو اس تخت سے اٹھا کر پھینکنا ہے کیونکہ یہ ملک چوروں، ڈاکوؤں کے لئے نہیں بنا۔ 
تازہ ترین