لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے میں سپریم کورٹ اہم کردار ادا کر سکتی ہے،قوم کی نظریں عدالت عظمیٰ پر لگی ہیں اگر عدالتوں میں بروقت فیصلے ہوتے ، تو عوام کو چوکوں اور چوراہوں پر آنے کی ضرورت نہیں تھی۔ حکمرانوں کا دامن پاک ہوتا تو انہیں کمیشن بنانے میں پریشانی نہ ہوتی، کسی سے احتجاج کا آئینی حق چھینا نہیں جاسکتا۔ ان خیالات کااظہا ر انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے70ءسے اب تک جن لوگوں نے قرضے معاف کرائے ان کا ریکارڈ تمام بینکوں اور قومی مالیاتی اداروں میں موجود ہے ۔ یہ کسی سے چھپے ہوئے نہیں ہیں ۔ یہ نہیں ہوسکتاکہ چند لوگ قوم کے خون پسینے کی کمائی سے عیش و عشرت کرتے رہیں اور غریب عوام ظالمانہ ٹیکس اور بل دے کر حکمرانوں کو پالتے رہیں اگر حکمرانوں کا دامن پاک ہوتا تو انہیں جوڈیشل کمیشن بنانے میں کوئی پریشانی نہ ہوتی ۔ پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکاہے ۔ حکومت نے چھ ماہ میں ایک آزاد احتسابی کمیشن کے قیام کی طرف کوئی قدم نہیں اٹھایا ، لیکن اب رات گئی بات گئی کی پالیسی نہیں چلے گی ۔