اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ جب کچھ کھو جاتا ہے تو انا اللہ وانا الیہ راجعون پڑھتے ہیں۔ میرے پاس تبصرہ کیلئے اس سے بہتر الفاظ نہیں ہیں۔ جب کچھ کھو جاتا ہے تو یہی قرآنی آیت پڑھتے ہیں۔ لگتا ہے پاناما لیکس کا معاملہ کہیں کھو گیا۔پارلیمانی جماعتوں نے متفقہ ٹی او آرز بنانے کیلئےسات ماہ تک ٹی ٹوئنٹی ،ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کھیلابلکہ سات ماہ تک پارلیمنٹ نے قوم کو دھوکا دیا۔ انہوں نے تحریک انصاف کے آج کے جلسے میں شرکت سے انکار کر دیا۔ جبکہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس سے متعلق پٹیشن پر سپریم کورٹ کے عبوری اقدامات سے امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے، ہم پرعزم ہیں اور پورے اعتماد کے ساتھ یہ توقع رکھتے ہیں کہ یہ ایشو اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ تفصیلات کے مطابق دھرنے کے حوالے سے تحریک انصاف کے اعلان کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ لگتا ہے پاناما لیکس کا معاملہ کہیں کھو گیا۔میں اپوزیشن کے ٹی او آرز سے پوری طرح متفق ہوں؟ اپوزیشن کے متفقہ ٹی او آرز پر حکومت پہلے نہیں مانی اب کیسے مانے گی آگے چل کر دیکھتے ہیں۔سپریم کورٹ نے ٹی او آرز بنائے تو پھر کوئی سیاسی جماعت اس میں ’’اف اینڈ بٹ ‘‘(اگرمگر)کا اضافہ نہیں کر سکے گی۔ رواں ماہ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ریٹائر ہونا ہے پھر نیا چیف آئیگا۔ بنچ بھی بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں۔پاناما لیکس کا ریکارڈ بھی میاں نواز شریف ،چوہدری نثار، اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور انکے ماتحت اداروں نے دینا ہے۔دیکھتے ہیں تحقیقات کب تک مکمل ہوتی ہے اور کیا نتیجہ نکلتا ہے۔ حکومت اداروں سمیت سب سے کھیل کھیلتی ہے۔ اب بھی کھیل کھیلا جارہاہے۔کیا حکومت پاناما لیکس کے احتساب کا آغاز وزیراعظم سے شروع کرنے کے فیصلے کو مان لے گی؟ انہوں نے کہا کہ 2 نومبر کے احتجاج کے اعلان اور اس احتجاج کو ملتوی کرنے کا فیصلہ عمران خان نے میرے مشورے کے ساتھ نہیں کیا اور نہ ہی میں مشورہ دینے کی پوزیشن میں ہوں۔ احتجاج کا اعلان اور پھر یوم تشکر انکی جماعت کے اپنے فیصلے ہیں۔پانامہ لیکس کا کھیل اب قوم دیر تک دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اپنا تفصیلی موقف آئندہ چند روز میں دوں گا۔ ادھرمسلم لیگ (ق)کے سینئر رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے اپنی رہائش گاہ پر 2نومبر کے دھرنے میں شرکت کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں و کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگوں کی وجہ سے پارٹی کا مورال بلند ہوا ہے، پاناما لیکس کے ایشو پر ہم نے اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج سے اتفاق کیا کیونکہ یہ کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں پوری قوم کا مطالبہ ہے، چوروں کا احتساب ہونا اور لوٹی ہوئی دولت واپس آنی چاہئے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ پانامہ لیکس سے متعلق پٹیشن پر سپریم کورٹ کے عبوری اقدامات سے امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے، ہم پرعزم ہیں اور پورے اعتماد کے ساتھ یہ توقع رکھتے ہیں کہ یہ ایشو اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ سپریم کورٹ بااختیار جوڈیشل کمیشن کے ذریعے ملک کو بحران سے نکالے گی اور عوام کو انصاف ملے گا۔