ملتان (نمائندہ جنگ) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا یہ یوم تشکر نہیں یوم تضحیک ہے، عمران خان قوم کو بے وقوف سمجھتے ہیں اور خود کو سمجھتے ہیں کہ ان سے زیادہ عقلمند کوئی نہیں ہے ، انہیں سمجھائیں تو وہ ناراض ہو جاتے ہیں، عمران خان نے میری بات نہیں مانی جس کی وجہ سے وہ آج اس نہج کو پہنچ گئے ہیں،میاں نواز شریف کو پاناما پر جواب دینا پڑے گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا، جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ لوگوں نے ساری ساری رات ماریں کھائیں ،سفر و قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں ،لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا اوران کی یہ ساری مشقت رائیگاں گئی ، انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل جاری رکھنا ہے تو پھر اسمبلیوں کا فورم استعمال کرنا چاہئے، لیڈروں کو کہتا ہوں کہ وہ قوم سے کھلواڑ نہ کریں، اداروں کے اندر رہ کر سیاست کریں ،انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست سی پیک کے خلاف ہے، انہوں نے کہا کہ اوباما کا ایک سال سے گراف نیچے آیا ہے لیکن وہاں کے لوگوں نے ان سے استعفیٰ نہیں مانگا، جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہمارے سیاستدان سیاست کی الف ب سے بھی واقف نہیں ہیں۔اے این این کے مطابق جاوید ہاشمی نے کہا کہ معصوم کارکنوں نے ساری رات مار کھائی، نتیجہ ’’یوٹرن‘‘ نکلا، ملک میں احتساب کا کوئی قانون ہی نہیں،سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے میں کئی سال بھی لگ سکتے ہیں، قوم یوم تشکر منائے کہ قومی ادارے تباہ ہونے سے بچ گئے ، انہوں نے مزید کہاکہ شیخ رشید کو عمران خان کے لال حویلی نہ آنے پرشکوہ ہے، جاوید ہاشمی نے کہاکہ عمران خان کہتا ہے کہ میں کہوں دن ہے تو سب کہیں دن ہے ، اور اگر میں کہوں کہ رات ہے تو سب کہیں رات ہے ۔