اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کاکہناہے کہ دعوے سے کہتا ہوں کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف، اسحق ڈار یا مجھ سے سکیورٹی میٹنگ کی خبر لیک نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف سے ملاقات میں صرف خبر لیک پر بات ہوئی تھی۔ انہوںنے کہاکہ میرا اور ڈار صاحب کا عسکری قیادت سے رابطہ معمول کی بات ہے لیکن پھر بھی بعض عناصر سول ملٹری تعلقات کو اپنی مرضی کا رنگ دیتے ہیں۔ کوئٹہ میں آرمی چیف اورڈی جی آئی ایس آئی کی وزیراعظم سے ملاقات میں خبر لیک پر بات ہوئی تھی۔ آرمی چیف نے کہا تھا کہ تحقیقاتی رپورٹ کا اعلان کرنے سے پہلے ان سے شیئر کرلیں، اگلے روز جب میں نے وزیراعظم سے اس معاملے پر بات کی اورسفارشات پیش کیں تو اسحق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب بھی وہاں موجود تھے۔ وزیراعظم نے مجھے کہا کہ ان سفارشات پرآرمی چیف کو بھی اعتماد میں لے لوں تو میں نے کہاکہ ڈار صاحب اورشہباز صاحب بھی موجود ہیں وہ بھی ساتھ چلیں چنانچہ ہم تینوں شام4 بجے آرمی چیف سے ملے اورپورے پروٹو کول کے ساتھ گئے تھے ان سے صرف خبر لیک پر بات ہوئی اور پریس ریلیز پربھی آرمی چیف کواعتماد میں لیا تھا۔ ان سے بہت اچھی گفتگورہی۔