راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے 13افراد اور ڈکیتی کی گھات لگائے بیٹھے 4افراد کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 17افراد کو دھر لیا۔ گرفتار شدگان کے قبضہ سے 3660گرام چرس، 40لٹر کھلی شراب، 25بوتل شراب، 6پستول 30بور معہ 20روند، ایک پستول 9ایم ایم معہ 15روند اور ایک خنجر برآمد کر کے ملزمان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔ تھانہ ٹیکسلا پولیس نے امیر زمان سے 1320گرام چرس، تھانہ روات پولیس نے سرفراز احمد اور فیصل یونس سے 2340گرام چرس، تھانہ بنی پولیس نے سہراب اور عاقب علی سے 20لٹر کھلی شراب، تھانہ ٹیکسلا پولیس نے نیاز سے 20لٹر کھلی شراب، تھانہ گوجر خان پولیس نے مدثر قدوس اور خرم ریاض سے 25بوتل شراب، تھانہ جاتلی پولیس نے محمد ارسلان سے ایک پستول 30بور معہ3روند، تھانہ صادق آباد پولیس نے زاہد الرحمان سے ایک پستول 30بور معہ 4روند، تھانہ روات پولیس نے سرفراز احمد سے ایک پستول 30بور معہ 2روند، تھانہ رتہ امرال پولیس نے رمضان سے ایک پستول 9ایم ایم معہ 15روند، تھانہ ٹیکسلا پولیس نے اظہر حسین سے ایک خنجر برآمد کر کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔ راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی کی گھات لگائے بیٹھے 4 ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے وارداتوں میں استعمال ہونیوالا اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ تھانہ گنج منڈی پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ چند اشخاص ڈکیتی کی نیت سے نالہ لئی نزد مال گودام کے علاقہ میں بیٹھے ہوئے ہیں جس پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے4 ملزموں فیصل عباس، سجاول اعوان، ارسلان تنولی اور محمد اسرار کو گرفتار کرکے انکے قبضہ سے 3پستول 30بور معہ 10روند برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے۔ ملزمان سے مزیدتفتیش جاری ہے جس میں سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔