ڈیرہ غازیخان (نمائندہ جنگ)غازی یونیورسٹی کے ملازمین کاتنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج ،تین روز تک تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو وائس چانسلر کمیٹی دفاتر کےگھیراؤ کی دھمکی ، تفصیلات کے مطابق غازی یونیورسٹی ڈیرہ میں گذشتہ ماہ سے خزانچی یونیورسٹی ڈاکٹر ندیم احمدانی جو کہ پوسٹ پی ایچ ڈی پروگرام کیلئے غیر ملک گئے ہوئے ہیں، کی عدم موجودگی کی وجہ سے یونیورسٹی کے پروفیسرز و دیگر عملے کو تاحال تنخواہیں نہیں مل سکی ہیں، جس کی وجہ سے ملازمین شدید پریشانی کا شکار ہیں ، یونیورسٹی ذرائع کے مطابق وائس چانسلر کمیٹی ممبران جن میں ڈاکٹر پروفیسر نجیب حیدر ڈین آف سائنسز ، ڈاکٹر پروفیسر شفقت نواب ڈین آف ایگریکلچر اور ڈاکٹر پروفیسر راشدہ قاضی ڈین آف آرٹس نے ہنگامی طور پر میٹنگ کرتے ہوئے انٹر نل خزانچی کی تعیناتی کیلئے پروفیسر ڈاکٹر علیم ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر کے علاوہ ایک لیکچرار کے نام تجویز کر کے وائس چانسلر کو منظوری کیلئے روانہ کر دئیے ہیں ، وائس چانسلر کی طرف سے ان میں سے کسی ایک کا نام فائنل ہونے کے بعد عارضی طور پر پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمدانی کی واپسی تک خزانچی یونیورسٹی کی تعیناتی عمل میں لائی جائیگی ،جس کے بعد تنخواہیں و دیگر مد میں کیے گئے اخراجات کے بل بنا کر ان کی ادائیگیاں کی جا سکیں گی اس سلسلے میں یونیورسٹی ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ تنخواہیں نہ ملنے سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ، ملازمین نے دھمکی دی کہ اگر تین روز تک انہیں تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو وہ وائس کمیٹی ممبران آفس کے گھیراؤ کرنے پر مجبور ہونگے ۔