مسلم لیگ ن کی رہنما اور انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کی وزیر انوشے رحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف صرف الزامات ہیں ثبوت کوئی نہیں، عمران خان کے وکیل بھی عدالت میں ثبوت نہیں پیش کرسکے۔
انہوں نے وزیر اعظم کے وکیل بیرسٹر ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعظم کے نہ لندن میں فلیٹ ہیں، نہ ان کے نام سے کوئی آف شور کمپنی ہے،الزامات الزامات کی حد تک ہی سامنے آئے، کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا،جب عدالت نے عمران خان کے وکیل سے ثبوت مانگا تو انہوں نے کہاکہ ثبوت نہیں ہے، تحقیقات کرالی جائے، عمران خان کی کوئی بھی بات ثابت نہیں ہوئی،وزیراعظم نےاپنے کسی بچے کو اپنی زیر کفالت ظاہر نہیں کیا ۔
انوشے رحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے وکیل نے کیس کے قابل سماعت ہونے پر کوئی بات نہیں کی،عمران خان باہر نکل کر جھوٹا تاثر قائم کرنے کی کوشش کرتےہیں، سپریم کورٹ کی سماعت پر بھی جھوٹ بولنے سے باز نہیں آتے، وزیراعظم نے حتمی ہدایات جاری کی ہیں کہ ہم کوئی بھی ٹیکنیکل بات نہیں اٹھائیں گے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہےکہ وہ جلد از جلد اس کیس کا فیصلہ چاہتے ہیں،وزیراعظم کی طرف سے کیس کے قابل سماعت ہونے کاکوئی ایشو نہیں اٹھایا گیا ۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے وکیل بیرسٹر ظفر کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعظم کا جواب جمع کرا دیا، کوئی بھی ٹیکنیکیلٹی کے پیچھے نہیں چھپا،وزیراعظم نے کہا ہےکہ سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں ، جلد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل کے حکومت کی نمائندگی کی بات غلط ہے، عدالت نے چاہاتوا ٹارنی جنرل معاونت کریں گے، جو الزام لگاتاہے ثابت وہ کرتاہے، کوئی چیز چھپا کر رکھی ہے تو لے آئیں اور ثابت کردیں۔