• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اور پرویز خٹک کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست

راولپنڈی(شاہد سلطان، نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) لائرز فورم نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت وزیراعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک کیخلاف مختلف الزامات کے تحت اندراج مقدمہ کیلئے راولپنڈی کی سیشن عدالت میں درخواست دائر کر دی ،جس کی سماعت کل پیر کو ہوگی، درخواست گزار راجہ بشارت محمود ایڈووکیٹ نے وفاق کو نقصان پہنچانے، منتخب وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت  وفاقی وزیر داخلہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے، سکیورٹی اداروں کو اکسانے، سرکاری املاک اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے دھرنے کے نام پر معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، پورے ملک میں نظام زندگی درہم برہم ہوا، سرکاری ملازمین اور طالب علموں کو چھٹیاں کرنا پڑیں، ملک میں غیریقینی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی اور دارالحکومت کو بند کرنے کی دھمکی پر بین الاقوامی دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی۔ جنگ کے رابطہ کرنے پر درخواست گزار راجہ بشارت محمود نے بتایا کہ سی پی او راولپنڈی نے پانچ روز تک یہ درخواست اپنے پاس رکھنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی لہذا حصول انصاف کیلئے میں نے سی پی او راولپنڈی اور ایس ایچ او تھانہ سول لائن کو فریق بناکر مقدمہ درج کرنے اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کیلئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی جاوید اشرف کی عدالت میں دفعہ 22اے کے تحت درخواست دی ہے جس پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے کل پیر کو ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ 
تازہ ترین