بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر)ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ بہاولپور میں صوبہ کے دیگر شہروں کی طرح ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور تاریخی ورثہ کو آنیوالی نسلوں کیلئے محفوظ بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں۔شہر کو ٹورازم سٹی کے طور پر اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وہ اپنے دفتر میں صحافیوں سےگفتگو کر رہے تھے۔ کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ بہاولپور کی تعمیرو ترقی اور بنیادی عوامی مسائل کا حل میری اولین ترجیح رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ پر قابو پانے کیلئے شہر کے 13مقامات پرٹریفک سگنلز کی تنصیب اور 10کلومیٹر سے زائد رنگ روڈ کی تعمیر کے منصوبہ پر بھی جلد کام کا آغاز ہو جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ کے قریب نیشنل پارک لال سوہانرا طرز کے پانچ مربع پر مشتمل پارک کے منصوبہ پر بھی کام کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ملک بھر سے سیاحت کیلئے لوگ بہاولپور آئیں اور اس سلسلے میں ٹورسٹ بس چلانے کے منصوبہ پر بھی کام کیا جارہا ہے۔