دبئی(نیوز ایجنسیز)نئی ٹینس ریکنگ میں اینڈی مرے مردوں میں پہلے نمبر پر آ گئے۔ وہ یہ اعزازحاصل کرنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں۔راجر فیڈرر 14 سال میں پہلی مرتبہ ٹینس کی درجہ بندی میں دس بہترین کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر ہو گئے ہیں۔ رینکنگ کے مطابق فیڈرر نویں سے 16ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں جو 13 اکتوبر 2002 کے بعد ان کی رینکنگ میں سب سے بدترین درجہ بندی ہے۔17 گرینڈ سلیم جیتنے والے سابقہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی کی اس تنزلی کی وجہ ان کی انجری ہے جس کی وجہ سے وہ رواں سال اکثر ایونٹس میں شرکت نہیں کر سکے۔تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن ٹینس پلئیرزکی تازہ رینکنگ میں برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے 11185 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں ، سربیا کے نوواک جوکووچ مسلسل122 ہفتے نمبرون رہنے کے بعددوسرے نمبرپرچلے گئے ہیں۔1973 سے اے ٹی پی رینکنگ کے آغاز کے بعد اینڈی مری یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے 26 ویں اور پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں۔انتیس سالہ اینڈی مرے بیالیس برس بعدیہ اعزازحاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے معمر پلئیر بھی بن گئے ہیں۔1974میں آسٹریلیا کے جان نیوکومب تیس برس کی عمر میں پہلے نمبر پر فائز ہوئے تھے ۔فہرست میں تیسرے نمبر پر اسٹین واورینکا 5115 پوائنٹس کیساتھ موجود ہیں ۔ کینیڈا کے مائلوس رائونک چوتھے ، جاپان کے کائی نیشکوری پانچویں ، گائل مونفلز چھٹے نمبر پر ہیں ۔ جبکہ میرین کلچ ،رافیل نڈال ، ڈومینیک تھائم اور ٹامس برڈیچ بالترتیب ساتویں ،آٹھویں ،نویں اور دسویں نمبر پر ہیں ۔