ملتان (سٹاف رپورٹر)حضرت بہاء الدین زکریا ؒکے سالانہ عرس کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، قلعہ کہنہ قاسم باغ اور اس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ، زائرین کی مکمل تلاشی کے بعد اندر آنے کی اجازت دی گئی، قومی زکریاکانفرنس کی آخری نشست میں صوبہ سندھ سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے زائرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، عر س کے موقع پر ریلوے ،محکمہ اوقاف ، محکمہ صحت ، سول ڈیفنس ، ایمر جنسی 1122فائر بریگیڈسمیت دیگر محکموں نے کیمپ لگائے اور ڈیوٹیاں سرانجام دیں،قومی زکریا کانفرنس میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر صدیق خان قادری نے ادا کئے جو مسلسل 41سالوں سے قومی کانفرنس میں نظامت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ،عرس کی آخری نشست کے اختتام پر زائرین کی واپسی کے لئے علیحدہ سے راستہ کھولا گیا تھا تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے،عرس کے موقع پر محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا، محکمہ اوقاف ملتان کی جانب سے زائرین میں لنگر تقسیم کیا گیا ،عرس کی تقریب میں شریک زائرین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کو نذرانے دیتے رہے اور اشیاء و پانی پر دم درود کراتے رہے ، عرس کے موقع پر محکمہ صحت ملتان کی جانب سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاتے رہے ،عرس میں شریک زائرین ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے ۔ علاوہ ازیں عرس میں شرکت کے لئے آنے والے زائرین کی واپسی شروع ہو گئی، زائرین کورکشہ و پبلک ٹرانسپورٹ کا عملہ دونوں ہاتھوں سے لوٹتارہا جس کی وجہ سے تلخ کلامی کے واقعات بھی ہوئے، رکشہ ڈرائیور زائرین سے لاری اڈہ اور ریلوے سٹیشن کے منہ بولے پیسے وصول کرتے رہے ۔عرس کے موقع پر کئی زائرین کی جیبیں کٹ گئیں اور وہ نقدی و موبائل فون سے محروم ہو گئے،جبکہ کئی کے جوتے چوری ہو گئے،دریں اثناء کیش بکسوں کی نگرانی کے لئے لاہور سے آنے والی ٹیم کل لاہور واپس جائے گی واضح رہے کہ یہ ٹیم عرس سے قبل ملتان پہنچی تھی ۔