بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلعی نائب صدر متحدہ محاذ بہاول پور طارق مجید چوہدری، حاجی جاوید محموداور نسرین انور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ 1951ء میں ریاست بہاول پور اور حکومت پاکستان کے درمیان معاہدے کے تحت بہاول پور کو صوبائی حیثیت دی گئی جس کے بعد یہاں پر باقاعدہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات منعقد کرائے گئے۔ون یونٹ کے قیام تک بہاول پور صوبائی اکائی کے طور پر ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہا۔لیکن ون یونٹ کے خاتمے کے بعد دیگر صوبوں کی صوبائی حیثیت بحال کر دی گئی جبکہ بہاول پور صوبہ بحال نہیں کیا گیا جو ابھی تک التوا کا شکار ہے۔بہاول پور صوبہ بحال نہ ہونے کی وجہ سے اس خطہ کو ملک کے دیگر حصوں کے مقابلہ میں پسماندگی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے عوام احساس محرومی کا شکار ہیں۔اگر بہاول پور صوبہ بحال کر دیا جائے تواس خطہ میں خوشحالی و ترقی کے نئے باب کھل سکتے ہیں جس سے عوام کا معیارِ زندگی بلند ہوگا اور وہ ملکی معیشت کو قابل قدر سہارا دیں گے۔متحدہ محاذ بہاول پور کے راہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ 65سالہ بے حسی اور استحصال کے نظام کو ختم کر کے بہاول پور کی صوبائی حیثیت کو فی الفور بحال کر ے بصورت دیگر متحدہ محاذ بہاول پور راست اقدام کرنے پر مجبور ہوگی