• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحریہ ٹائون کراچی،لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی میں4نئے ہوٹلز بنائیگا

کراچی(جنگ نیوز)ایشیا کے سب سے بڑے پرائیویٹ ریئل اسٹیٹ ڈویلپر، بحریہ ٹائون اور حیات ہوٹلز کا رپوریشن کے درمیان ایک معاہدے پر ابو ظبی میں دستخط ہوئے جس کے تحت بحریہ ٹائون کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں600 ملین ڈالرز سے زائد کی انوسٹمنٹ سے عالمی معیا ر کے 4ہوٹلز تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ منصوبے پاکستان ہوٹل انڈسٹری میں ایک انقلاب کا پیشِ خیمہ ہو نگے جس سے ملک بھر میں سیر و سیاحت اور ثقافت کو فرو غ ملنے کیساتھ ساتھ ملکی ترقی کے مواقع بھی حاصل ہوںگے۔ان4 برانڈڈ ہوٹلز کے ساتھ حیات ہوٹل کارپوریشن پہلی بار پاکستان میں متعارف ہوگا ان منصوبوں پر کام کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے اور اگلے چند برسوں تک تعمیراتی کام مکمل کر کے انہیں باقاعدہ آپریشنل کردیا جائے گا۔ ان ہوٹلز میں گرینڈ حیات اسلام آباد حیات ریجنسی کراچی، حیات ریجنسی لاہور اور حیات ریجنسی راولپنڈی شامل ہیں۔ بحریہ ٹائون کراچی اور اسلام آباد میں واقع یہ ہوٹلز پاکستان میں اپنی طرز کے پہلے عالمی معیار کے برانڈڈ گالف ریزورٹ کا حصہ ہونگے جبکہ بحریہ ٹائون لاہور میں ہوٹل کی خاصیت ایگزیکٹیو ممبرز کلب ’’پریذیڈنٹس کلب‘‘ کا قیام ہے اور بحریہ ٹائون راولپنڈی میں حیات ریجنسی جدید طرز کا لوکل آرکیٹکچر پر مبنی پراجیکٹ ہوگا۔ بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے اس موقع پر کہا کہ ہم حیات ہوٹلز کارپوریشن کے ساتھ ملکر خطے میں ہوٹل انڈسٹری کیلئے نئے معیار اور ٹرینڈز متعارف کرائیں گے۔ بحریہ ٹائون لائف اسٹائل کمیونٹی ڈویلپ کرکے جدید پاکستان کی تعمیر میں مصروفِ عمل ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دنیا کے بہترین اداروں کیساتھ مل کر پاکستان بھر میں ایسے پراجیکٹس متعارف کرائیں جو ملک کی اقتصادی ترقی میں مثبت کردار ادا کرکے پاکستان کی پہچان بنیں۔ یہ معاہدہ پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اعادہ ہوگا۔ جس سے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ عوام کیلئے روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ پیٹر نورمن، سینئر وائس پریذیڈنٹ حیات (یورپ، افریقہ، مڈل ایسٹ اور سائوتھ ویسٹ ایشیا) نے اس موقع پر کہا کہ ہم بحریہ ٹائون کی شراکت سے پاکستان کے پہلے گرینڈ حیات اور حیات ریجنسی ہوٹلز کے قیام کے منتظر ہیں۔ گزشتہ سال پاک چین اکنامک کوریڈور کے اعلان کے بعد حیات انٹرنیشنل خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کے لئے بہت پر امید ہے۔ ہم طویل المعیاد منصوبوں پر اکٹھے کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ یہ پراجیکٹس گرینڈ حیات اور حیات ریجنسی برانڈز ہوٹلز کا قیام ایک اہم سنگِ میل ہے جو دنیا بھر کے اہم ترین شہروں میں لوگوں کی پہلی ترجیح ہیں۔ بحریہ ٹائون سی ای او احمد علی ریاض ملک نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں حیات کارپوریشن کیساتھ مل کر پاکستان میں پہلے حیات برانڈز ہوٹلز کے قیام کی خوشی ہے۔ پاکستان کے چار بڑے شہروں میں ایک ساتھ منصوبے شروع کرنا ملک کی ترقی اور معاشی بحالی میں ہمارے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان پراجیکٹس کی بدولت بحریہ ٹائون اب ہوٹل انڈسٹری میں بھی قدم رکھ رہا ہے۔ یہ انقلابی معاہدہ جہاں پاکستان کی ہوٹل انڈسٹری کو فروغ دینے کا باعث بنے گا وہاں سیاحت کو بھی ترویج ملے گی۔ حیات ریجنسی کراچی میں تمام جدید سہولتوں کیساتھ پاکستان کا پہلا 36 ہول گالف کورس ہے جس میں رات کو کھیلنے کی سہولت موجود ہے۔ جبکہ اس گالف کورس کے 9 ہولز پہلے ہی مکمل کئے جاچکے ہیں مزید براں200 کمروں پر مشتمل اس ہوٹل میں بہترین سہولتیں میسر ہونگی۔ یہ ہوٹل بحریہ ٹائون کراچی میں شیخ زید روڈ کی طرز پر تعمیر کردہ210 فٹ کشادہ جناح ایونیو پر واقع ہونے کیساتھ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے صرف 20 منٹ کی مسافت پر ہے۔ یہ پراجیکٹ پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شہر میں بین الاقوامی معیار کی سہولتوں اور خدمات کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کرادار ادا کرے گا۔ مہمانوں کے لئے بحریہ ٹائون کراچی میں ہوٹل کیساتھ عالمی معیار کی دلچسپی اور تفریح کے مراکز جن میں بحریہ نائٹ سفاری، تھیم پارک، دنیا کی تیسری بڑی جامع مسجد، پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم، گرین ویلی ہائپر مارکیٹ اور شاپنگ مالز شامل ہیں یہ تمام مراکز پاکستان کی سیاحتی اور تفریحی صنعت کی ترقی میں قابلِ قدر کردار ادا کریں گے۔ گرینڈ حیات اسلام آباد400 کمروں پر مشتمل لگژری ہوٹل ہے جس میں سات مختلف قسم کے ریسٹورنٹس، دو بینکوئٹ ہالز، جدید سہولتوں سے آراستہ میٹنگ رومز، سپاء ٹیک جم، سوئمنگ پول اور کڈز کلب موجود ہیں۔ یہ ہوٹل پاکستان کا پہلا برانڈڈ گالف ریزورٹ ہے جہاں مہمانوں کو آن سائٹ 18 ہول گالف کورس اور گرینڈ حیات کے زیرِ انتظام اسٹیٹ آف دی آرٹ گالف کلب ہائوس تک مکمل رسائی ہوگی۔ گرینڈ حیات نیو مری ایکسپریس وے پر واقع ایک محفوظ اور مکمل گیٹڈ پراجیکٹ بحریہ گالف سٹی اسلام آباد کا حصہ ہے جو ڈپلومیٹک انکلیو سے صرف 30 منٹ کی مسافت پر واقع ہے اورسٹی سینٹر اسلام آباد سے آسان رسائی پر ہے۔ اس ہوٹل کو بین الاقوامی شہرت یافتہ فرم بیم آرکیٹیکچر پارٹنر شپ فلوریڈا نے ڈیزائن کیا ہے جبکہ اس کا انٹیریئر Atlantis Dubai کو خدمات دینے والی فرم ولسن ایسوسی ایٹس نے کیا ہے۔ حیات ریجنسی لاہور220 کمروں پر مشتمل یہ اسٹائلش ہوٹل، کسٹم بلڈ دلچسپ ٹاور پر مبنی ہے۔ جس میں دورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق مہمانوں کو تمام سہولتیں میسر ہوں گی۔ ہوٹل کی نمایاں خصوصیات میں پرتعیش اور بے مثال پرائیویٹ ممبرز کلب ’’پریذیڈنٹس کلب‘‘ہے جو کہ بہترین انٹیریئر ڈیزائن کا حامل ہے جس میں مختلف قسم کے ریسٹورنٹس،جم اور اسپاء، اسکوائش کورٹس انڈور آوٹ ڈور سوئمنگ پول کی سہولتیں فراہم کرے گا۔ اس کلب کے اینٹرینس کا کا م تقریباَ مکمل ہوچکا ہے اور جلد ممبر شپ کا آغاز کر دیا جائے گا۔ حیات ریجنسی راولپنڈی ایکسپریس وے کے ذریعے براہِ راست GT روڈ سے منسلک ہے اور اسلام آباد ہائی وے، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سٹی سینٹر سے آسان رسائی اس کی بہترین خصوصیات میں سے ایک ہے۔165 بیڈز پر مشتمل اس ہوٹل کو عالمی ایوارڈ یافتہ مشہور آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا نے ڈیزائن کیا ہے۔ یہ ہوٹل زیرِ تعمیر ہے، ان انقلابی پراجیکٹس کی بدولت بحریہ ٹائون اب باضابطہ طور پر پاکستان میں لگژری ہاسپٹیلٹی سیکٹر میں بھی قدم رکھ رہا ہے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے ساتھ یہاں عالمی معیار کی سہولتوں کی اشد ضرورت ہے۔ یقینا جہاں یہ ہوٹلز مقامی اور خصوصاً بیرون ِملک سے انے والے لوگوں کے لئے سہولت اور آسائش کی نئی دنیا ثابت ہونگے وہیں پاکستان بھر میں ہوٹل انڈسٹری کے لئے نئے معیار اور ٹرینڈز قائم کریں گے۔ یاد رہے کہ گرینڈ حیات اور حیات ریجنسی ہوٹلز پاکستان میں اس برانڈ کے پہلے ہوٹلز ہیں۔
تازہ ترین