راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کینٹ بورڈ کی انتظامیہ نے رواں ماہ کی بورڈ میٹنگ کیلئے 53نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا ہے جو 22نومبر کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، ممبران کو ایجنڈے کی کاپی فراہم کر دی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق بورڈ میٹنگ میں ملازمین کی ہائوس ہائرنگ میں کمی پر غور کیا جائے گا ، ایم فل الائونس کے ساتھ ساتھ ، 65نقشوں کی منظوری بھی متوقع ہے ، آرمی حکام کے ساتھ نیاکنزروینسی معاہدہ بھی زیر غور آئے گا، ایجنڈے میں منتخب ممبران سے مشاورت کے بغیر رکھی گئی ترقیاتی سکیموں پر بعض منتخب ممبران نے اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے ۔ وائس پریذیڈنٹ ملک منیر کی سربراہی میں ممبران نے ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر صائمہ شاہ سے گذشتہ روز ملاقات بھی کی ، اس دوران ایگزیکٹو افسر نے ان کے تحفظات دور کئے، اجلاس میں سینٹر ی سپروائزر ز کو گریڈ 7دینے کی منظوری دی جائے گی، عارضی بھرتی سمیت ڈاکٹروں اور ٹیچرز کے کنٹریکٹ میں توسیع ، تقریباً اڑھائی کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کی بھی منظوری متوقع ہے، اے ایف آئی سی کے پاس مال روڈ پر اوور ہیڈ برج کی تنصیب ، روڈ کٹ کی پیمنٹ کے ایشو ، راولپنڈی کینٹ بورڈ کے دفتر میں اے ٹی ایم بوتھ کی تعمیر، واٹر سپلائی سکیموں کی مرمت، پانی کے کنکشن ، نیو ریسٹ ہائوس میں لفٹ کی منظوری بھی متوقع ہے، پراپرٹی ٹیکس سے استثنٰی ،پراپرٹی ٹیکس کی ادا شدہ اضافی رقم کی واپسی ، جائیداد کی منتقلی ، میوٹیشن کیسز کی منظوری بھی دی جائیگی۔