مردان ( نامہ نگار ) مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں ڈاکٹروں کا احتجاج جمعرات کو دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے دوران او پی ڈیز کو تالے لگا دیئے گئے جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عدنان چیرمین ڈاکٹر عمران نائب صدر ڈاکٹر کامران اور ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ایاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمیں پولیس سیکورٹی فراہم نہیں کی جاتی ہم احتجاج جاری رکھیں گے .مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو ہم ہڑتال اور احتجاج کا دائرہ ایل آر ایچ اور کے ٹی ایچ سمیت پورے صوبے تک بڑھا دینگے انہوں نے کہا کہ یہاں ڈاکٹروں کیساتھ لوگوں کے بلا جواز لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں اور ہماری بار بار استدعا کے باوجود ہمیں پولیس سیکورٹی فراہم نہیں کی جا رہی دو دن قبل ہسپتال میں ایک مریض کی ہلاکت پر ورثاء نے اسے ڈاکٹروں کی غفلت قرار دیکر ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور ڈاکٹروں پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور ڈاکٹروں نے بڑی مشکل سے جان بچائی انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں لیکن ہمارے تحفظ کا کوئی انتظام نہیں انہوں نے کہا کہ جب تک ہمیں پولیس سیکورٹی فراہم نہیں کی جاتی او پی ڈیز کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے دریں اثناء ڈاکٹروں کے احتجاج کے نتیجے میں درجنوں مریضوں کا طبی معائنہ نہ ہو سکا اور وہ مایوس ہوکر گھروں کو لوٹ گئے۔