• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت مقبوضہ کشمیر کو اٹوٹ انگ نہیں بناسکتا، کشمیریوں کو تنہا نہیںچھوڑیں گے، گورنر گلگت بلتستان

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی میں شہادتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو قتل کرکے قتل گاہ بنا دیا ہے۔ وہاں ایسے انتہائی مہلک ہتھیار استعمال ہورہے ہیں جن پرجنیوا کنونشن کے تحت پابندی عائد ہے۔ ایسی صورت حال میں مقبوضہ کشمیر کے معصوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ بھارت کبھی بھی مقبوضہ کشمیر کو اٹوٹ انگ نہیں بنا سکتا۔ کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کے دل کا رشتہ ہے۔ وہ ایک جان اور آپس میں محبت کرنے والے ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی کمیونٹی سینٹر میں گریٹر مانچسٹر پاکستان ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محسن لغاری، پاکستانی اوورسیز فائونڈیشن کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک، قونصلر جنرل ڈاکٹر ظہور احمد، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فزا خان نیازی، ٹریڈ اتاشی محمد شعیب ظفر، پاکستان کمیونٹی سنٹر کے چیئرمین ہارون کھٹانہ، سالیسٹر شعیب تاج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کا صاف موقف ہے کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، جب تک ان کو آزادی نہیں مل جاتی ہماری حمایت جاری رہے گی۔ کشمیری عوام اکیلے نہیں ہیں پوری دنیا ان کے ساتھ ہے۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کا نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ پوری دنیا نے اس وقت آنکھیں بند کر رکھی ہے ان کو نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم نظر نہیں آتے۔ برطانیہ، یورپ، امریکہ، انسانی حقوق کے بڑے دعوے دار بنتے ہیں مگر ان کو کشمیریوں کے انسانی حقوق کی کوئی فکر نہیں ہے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دور میں ترقی و خوشحالی کے منصوبے جاری ہیں، موٹروے چائنہ کے ساتھ مل کر پورے ایشیا کے لئے ترقی کی راہ گامزن کرے گا۔ وہ علاقہ جہاں جہاں سے موٹروے گزر رہا ہے وہ خوشحالی اور ترقی کے ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی آگے آئیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک ترقی یافتہ معیشت کے ساتھ دنیا کا مقابلہ کرے گا۔ اس موقع پر روبینہ خان نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور تلاوت قرآن مجید حاجی محمد فیاض نے کی۔ تقریب میں شیخ سعید احمد، چوہدری محمد انور، چوہدری محمد طفیل، ایڈووکیٹ محمد عالم پنوار، چیئرمین سنٹر محمد صفدر، منظور ملک، محمد عظیم ملک، محمد اقبال صدیقی، مختار احمد، محمد خان، محمد آمین، احمد رضا، بشیر احمد کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کی۔
تازہ ترین