• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی ملک اب کرپٹ حکمرانوں کی مدد کو نہیں آئیگا،پرویز الٰہی

لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ کوئی ملک اب کرپٹ حکمرانوں کی مدد کو نہیں آئے گا، نوازشریف کے جانے پر تمام جماعتیں متفق ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر مرحوم کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعدمیڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ  جہانگیر بدر مرحوم صاف گو، نرم دل، اچھے انسان اور منجھے ہوئے سیاستدان تھے۔ اپنی پارٹی کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، مشکل ترین دور میں بھی اور آخر دم تک پارٹی کے ساتھ مخلص رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام جھولیاں  اٹھا  کر ان حکمرانوں سے نجات کی دعائیں کر رہے ہیں، پوری قوم کی نظریں اور امیدیں سپریم کورٹ پر ہیں، آنے والا مہینہ بہت اہم ہے جس میں بہت سے فیصلے ہوں گے اور یہ بھی اگلے ماہ ہی پتہ چلے گا کہ 2017ء الیکشن کا سال ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی ملک ان کو بچانے کیلئے تیار نہیں۔  انہوں نے کہا کہ حکمران کبھی ایک کبھی دوسرا خط لے آتے ہیں، یہ قطری شہزادے کا نہیں بلکہ سیف الرحمن شہزادے کا خط ہے، پنجاب میں 15سال سے یہ لوگ حکومت پر قابض ہیں لیکن انہوں نے عوامی فلاح کا کوئی کام نہیں کیا، پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اس لیے اس پر بات کرنا مناسب نہیں، اپوزیشن ایک پیج پر نہیں ہے، چودھری شجاعت حسین نے کہا تھا کہ جب تک اپوزیشن متحد نہیں ہو گی تب تک کچھ نہیں ہو گا، ہم ان کے اتحاد کیلئے کوشاں رہیں گے، تحریک انصاف نے وہی ٹی او آر سپریم کورٹ میں پیش کیے ہیں جو اپوزیشن نے متفقہ طور پر بنائے تھےموجودہ صورتحال میں ایک بات پر سب جماعتیں متفق ہیں کہ نوازشریف کو جانا چاہئے۔
تازہ ترین