• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفاد پرستی کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان پہنچ رہا ہے ، رضا ربانی

پشاور ( آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاق کا دارو مدار جمہوریت پر ہے تاہم مفاد پرستی کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان پہنچ رہا ہے ، جمہوریت میں پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج آئینی حق ہے،بھارت اور اسرائیل سب سے بڑے دہشت گرد ہیں، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں دونوں کی بربریت کی مثال نہیں ملتی، انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں نے کشمیر پر ایک لفظ بھی نہیں بولا، بھارت ’’را ‘‘کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کررہا ہے۔ اتوار کے روز عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی عدیل کی رسم قل اور اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مرحوم حاجی عدیل نے صوبائی خودمختاری کیلئے طویل جدوجہد کی۔رضا ربانی نے کہا کہ وفاق کا وجود جمہوریت کی مرہون منت ہے جمہوریت کا قیام وفاق کے وجود کیلئے ناگزیر ہے۔ جمہوریت کے نہ ہونے سے وفاق قائم نہیں رہ سکتا ۔ رضا ربانی نے کہا کہ ملک میں مفاد پرستی کی سیاست عروج پر ہے ذاتی مفادات کے لئے آئین و قانون کو روند کر شہریوںکے بنیادی حقوق غصب کئے جا رہے ہیں جمہوریت میں احتجاج ہر ایک کا حق ہے کسی شہری کو پرامن احتجاج کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ملک میں جاری مفاد پرستی سے جمہوریت اور وفاق کو نقصان پہنچ رہا ہے تو دوسری جانب بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اپنے دیرینہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے بھارت کی شروع ہی سے یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو۔ رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے جوائنٹ اجلاس میں سینیٹ اقلیت میں چلی جاتی ہے قومی اسمبلی کے مقابلے میں سینیٹ کے ووٹ کم ہیں سینیٹ کے ووٹ بڑھانا چاہئے اس حوالے سے آئین میں ترمیم لانے کی ضرورت ہے۔ وفاق کا دارومدار جمہوریت پر ہے۔ 
تازہ ترین