• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی ملک کی ترقی میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے، کورکمانڈر ملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر)کورکمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوشنزملتان ریجن کی سالانہ تقریب ِتقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے  تمام اساتذہ کرام و طلباء و طالبات کی شاندار کار کردگی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ایسے ہونہار طلباء و طالبات مستقبل میں پاکستان کا نام اقوام عالم میں مزید اونچا کریں گے ۔انہوں نے بچوں کی طرف سے پیش کئے جانے والے ملی نغموں اور ٹیبلوز میں اُن کی کار کردگی پر بھی مبارک باد دی ۔ کورکمانڈر نے مزیدکہاکہ تعلیمی اداروں میں میری اولین ترجیح طلباء کو ’ ’ بہترین انسان ‘‘ بنانا ہے ۔اس مقصد کے حصول کیلئے اساتذہ کرام تدریسی عمل کے ساتھ ساتھ بچوں کی تربیت پر خاص توجہ دیں ۔والدین  بھی اپنے بچوں کو گھر کے اندر ایسا ماحول فراہم کریں گے جس سے ان کی تعلیم و تربیت میں بہتری آئے ۔انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ کا حامل ہوتا ہے، کھیلوں کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے اندر سپورٹس مین سپرٹ پیدا کریں اور ہر مشکل میں صبر و برداشت سے کام لینا سیکھیں ۔ریجنل سطح کے کھلاڑیوں کی ہر لحاظ سے حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ  ملتان اور اوکاڑہ میں ماڈل سکول بنائے جا رہے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں ان میں ہر طرح کی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں ۔فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن کے سالانہ نتائج کے مطابق زینب مہدی نے پہلی ، سدرہ حسنین نے دوسری ، محمد عمیر حیات نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ تقریب میں بچوں کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے اعلیٰ کارکردگی پر  طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کئے ۔
تازہ ترین