راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے،اپنے نامہ نگار سے) سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔جس سے لوگوں کو معمولات زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ احتجاج پر اتر آئے ہیں۔پی ٹی آئی راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل ملک ظہیر اعوان کی قیادت میں منگل کو گیس کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ محلہ حکمداد، سیٹھی کالونی، شارجہ گراؤنڈ، آصف کالونی، محلہ چاہ سلطان، محلہ محمود علی شاہ، محلہ امر پورہ میں سوئی گیس لوڈشیڈنگ شرع کردی گئی ہے۔جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر گیس کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو مری روڈ پر احتجاج کریں گئے۔دریں اثنا ء ڈھوک پراچہ شاہین کالونی کی دو گلیوں میں گیس کے پریشر میں کمی سے اہل محلہ کو ناشتے اور کھانے کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ابھی سردی شروع ہوئی ہے تو یہ حال ہے شدت بڑھی تو کیا ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مقامی مسلم لیگی قیادت کی یقین دہانیوں اور حکام سے رابطوں کے باوجود گیس پریشر میں بہتری نہیں آ سکی۔ اُنہوں نے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔