سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر سینٹرل جیل کے ایک قیدی کو بیماری کی حالت میں سول اسپتال کے جیل وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کا علاج ومعالجہ کیا جارہا ہے۔ قیدی تاج محمد گڈانی کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل انتظامیہ کے تشدد کے باعث تاج محمد کا ذہنی توازن اور قوت گویائی متاثر ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد اسے ذہنی بیماری لا حق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور قیدی کا علاج دماغ کے ڈاکٹر سے کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ قیدی کو دس روز قبل گرفتار کر کے سینٹرل جیل بھیجا گیا تھا ،مذکورہ قیدی کو سول اسپتال کے جیل وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، دوسری جانب جیل انتظامیہ نے قیدی کے حوالے سے کسی بھی قسم کا موقف نہیں دیا۔ میڈیا نے جیل انتظامیہ سے رابطہ کر کے قیدی کی بیماری اور صورتحال کے بارے میں موقف جاننے کی کوشش کی لیکن جیل انتظامیہ کا موقف سامنے نہیں آسکا۔