• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ غازی خان : دیرینہ دشمنی پر رائس ملز مالک قتل

ڈیرہ غازی خان، شادن لنڈ ( نمائندہ جنگ ،نامہ نگاران) دیرینہ دشمنی پر رائس ملز مالک کو  قتل  کردیا گیا  تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ شا ہ صدردین کے نواحی علاقہ پل شیخانی کے رہائشی میاں غلام اکبراپنی رائس ملز پر موجود تھا ۔اس وقت خالد ولد غلام قادر کھوسہ میروانی اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ رائس ملز میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی ۔فائرنگ کی آواز سن کر فیکٹری مالک55سالہ محمد اکبرولد حافظ اللہ بخش خوجہ نے جان بچانے کی غرض سے برآمدے سے بھاگ کر کمرے میں داخل ہو کر اندر سے کنڈی لگادی۔تاہم ملزمان نے دروازے پر پہنچ کر کلاشنکوف سے برسٹ ماردیا جس سے دروازئے کے پیچھے محمد اکبرشدید زخمی ہوگیا۔بعد ازاں محمد اکبر زخموں کی تاب نہ لاکر موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ملزمان دیدہ دلیری سے مقتول میاں غلام اکبر کے بھائی میاں عبدالستار کو قتل کرنے کے لیے تلاش کرتے رہے ۔اسی اثناء میں اہل علاقہ کے جمع ہوجانے سے ملزمان موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ شاہ صدردین کی پولیس پہنچ گئی اور لاش کو قبضہ میں لے لیااور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیرہ غازی خان ٹراما سنٹر منتقل کردیا۔مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کو بے گناہ قتل کر دیا ظالموں نے فیکٹری میں اندھا دھند فائرنگ کر کے ہم سے ہمار ا بھائی چھین لیا۔مقتول غلام اکبر کے بھائی عبدالستار کی مدعیت میں خالد کھوسہ اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔علاقہ بھر کی انڈسٹریز بند ہوگئیں ۔مقتول میاں غلام اکبر کی نماز جنازہ آج صبح دس بجے چوک چورہٹہ میں ادا کی جائے گی۔ ایس ایچ او حیات دریشک کے مطابق ملزمان مقتول غلام اکبر کے بھائی عبدالستار کو قتل کرنے کی غرض سے آئے تھے لیکن وہ فیکٹری میں موجود نہ تھاواقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے اورابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ظاہر ہوتا ہے ۔ 
تازہ ترین