• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی خبردار رہیں ، ہم پیاسے مرنے پر لڑنے کو ترجیح دینگے ،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا اور پاکستان کا پانی بند کرکے پاکستان کو بنجر بنا نا چاہتا ہے جس کا اس نے کھل کر اظہار کردیا ہے ۔دیکھنا یہ ہے کہ ہمارے حکمران انڈس واٹر معاہدے کے تحفظ کیلئے کیا قدم اٹھاتے ہیں ۔مودی پانی بند کرنے کی عرصہ سے دھمکیاں دے رہا تھا مگر حکمرانوں نے اس کے سدباب کیلئے کچھ نہیں کیا۔میں مودی کو خبر دار کرتا ہوں کہ ہم پیاسے مرنے پر لڑنے کو ترجیح دیں گے ۔ مغرب کے ذہنی غلام حکمران اسلامی تہذیب و تمدن   کے بجائے لبرل ازم اور سیکو لر ازم کی باتیں کررہے ہیں ۔ نہ صرف موجودہ بلکہ سابقہ اور ان سے   پہلے حکمرانوں  کا بھی احتساب ہوگا اور جس نے جتنا قومی خزانے کو لوٹا ہے اسے واپس کرنا پڑے گا ،ملک میں سودی معیشت اور شراب کی سر عام فروخت اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  سپریم کورٹ کاسندھ ہائی کورٹ کے شراب پر پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کا حکم ناقابل فہم ہے۔  اقلیتیں شراب پر پابندی کا مطالبہ کر رہی ہیں اور مسلمان اس کی بندش پر ناخوش ہیں۔ملک میں نکاح کو مشکل اور بدکاری کو آسان بنا دیا گیا ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ 26،27نومبر کو جناح باغ کراچی میں ہونے والا جماعت اسلامی سندھ کا دوروزہ ورکرز کنونش ملک میں اسلامی نظام کے غلبہ کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔  سندھی عوام سال ہا سال سے جاگیر داروں وڈیروں اور سرمایہ داروں کے چنگل سے نکلنے کے لئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں مگر وہ جاگیردار سے بچتے ہیں تو سرمایہ دار کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں۔
تازہ ترین