اسلام آباد(نمائندہ جنگ،اے پی پی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ بہت دانشمندانہ اور خوش آئند ہے۔ ہفتہ کو بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جنرل راحیل شریف کا انتخاب کیا تھا جنہوں نے بہت ہی احسن طریقے سے وزیر اعظم کی دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی، آپریشن ضرب عضب ،کراچی آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان پر علمدرآمدکیا۔ امید ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اس تسلسل کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا عکاس ہے کہ ادارے مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مریم اورنگزیب نے کہا کہ موٹروے کی تعمیر، ایٹمی دھماکے اور اقتصادی راہداری منصوبہ کسی انقلاب سے کم نہیں۔ نواز شریف حکومت کے علاوہ کسی نے ایسے انقلابی اقدامات کیوں نہیں کئے ۔