فیصل آباد (نامہ نگارخصوصی ) ایم پی اے محمدنوازملک نے صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں کو12کروڑروپے کی آفرکے الزام کومضحکہ خیزقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے گھر سے ناکام ہونیوالےچوہدری شیرعلی نےپریشانی میں میونسپل کارپوریشن کے منتخب ارکان کوگندے انڈے کہہ کر عوام اورمسلم لیگی کارکنوں کی توہین کی ہے۔محترمہ مریم نوازشریف کی ٹیلی فون کال کادعویٰ عوام اورارکان میونسپل کارپوریش کوبے وقوف بنانے کے مترادف ہے اور من گھڑت پراپیگنڈہ ہے۔’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ چوہدری شیرعلی کے ساتھ اپنی یونین کونسل کے عوام بھی نہیں ہیں ان کے بیٹے عامرشیرعلی کی شکست اس بات کاواضح ثبوت ہے۔وہ میونسپل کارپوریشن میں اپنے گروپ کی اکثریت ثابت کردیں توانہیں لیڈرتسلیم کرلیں گےیاہم اکثریت ثابت کرتے ہیں تووہ اپنی شکست اورہمارے گروپ کوحقیقت تسلیم کرلیں۔پی ٹی آئی کے ذریعے میئرگروپ کے چند امیدوارمخصوص نشستوں پرمنتخب ہوئے اگرپی ٹی آئی کے18ووٹ ہمارے گروپ کوملتے تومیئرگروپ ایک نشست بھی حاصل نہیں کرسکتا تھا۔25میں سے15نشستوں پرکامیاب ہونے والے ارکان کاتعلق راناثنااللہ گروپ سے ہے۔کسی کی وفاداری خریدی گئی ہے نہ کسی کولالچ دیاگیا ۔شہربھرسے یونین کونسلوں کے چیئرمینزاورمخصوص نشستوں پرکامیاب ہونے والے ارکان کی اکثریت غیرمشروط طورپر راناثنااللہ گروپ کے ساتھ ہے۔ قیادت کسی طرح بھی اکثریت کواقلیت پرترجیح نہیں دے گی اورنہ شیردم کاٹنے والوں کوشہرکے وسائل لوٹنے کاموقع دے گی ۔