پشاور(جنرل رپورٹر) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں مریض کی ہلاکت کے بعد8 ڈاکٹروں کو فارغ کرنےکی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کونکالنے کا آرڈرواپس لیا جائے بصورت دیگرسڑکوں پر نکلیں گے جبکہ کورٹ جانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔پی ڈی اے کے صدر امیرتاج کی جانب سے سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹراوربورڈ آف گورنرز نے ڈاکٹروں کیخلاف مناسب انکوائری کئے بغیر پولیٹیکل پوائنٹ سکورنگ کیلئے ان ڈاکٹروں کیخلاف سخت کارروائی کی جبکہ محکمہ صحت اور پی جی ایم آئی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ اگر اسی طرح ڈاکٹروں کوڈیوٹی میں غفلت برتنے اورمریض کی ہلاکت کے بعد انکے لواحقین کے احتجاج پرڈاکٹروں کو نکالنے کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو پھر ڈاکٹرکیسے تشویشناک حالت میں لائے جانے والے مریضوں کا علاج کریں گے؟پی ڈی اے کو انکوائری پر سخت تحفظات ہیں لہٰذا واقعہ کی غیرجانبدارانہ انکوائری کرائی جائے ورنہ کورٹ سے رجوع کرنے یا پھر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے ہسپتال سے برطرف ڈاکٹروں کے ٹرمینیشن آرڈر کو واپس لینےکا مطالبہ کیا ۔