سکھر (بیورو رپورٹ)سیپکوکی جانب سے بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں بجلی کے 6سے 8گھنٹے طویل بریک ڈاؤن کے حوالے سے سیپکو اعلامیہ ایک دن کا اعلامیہ جاری کرتی ہے لیکن کئی کئی دن بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہتا ہے، شہر کے متعدد فیڈرز ایسے ہیں جو روزانہ 4سے5گھنٹے بند رہتے ہیں،منگل کے روز شہر کی گنجان آبادی اور اہم کاروباری مراکز کو بجلی فراہم کرنے والے نشتر روڈ فیڈر کو دوپہر 11بجے اچانک بند کردیا گیا اور چار گھنٹے تک یہ فیڈر مسلسل بند رہا جس کے باعث نشتر روڈ، میڈیسن مارکیٹ، اناج بازار، مارچ بازار، میانی روڈ، نمک بازار، لیاقت چوک، ڈھک روڈ، سمیت دیگر علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہونے کے ساتھ عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث تجارتی، سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں ۔ شہری اتحاد کی جانب سے مائیکرویو کالونی میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین سیپکو کی جانب سے بجلی کی طویل بندش کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ مائیکرویو کالونی سمیت نیوپنڈ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی 12سے 16گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت، وزارت پانی وبجلی سے مطالبہ کیا کہ سیپکو کی زیادتیوں کا فوری طو رپر نوٹس لیا جائے۔