• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت انصاف کارڈ ،صوابی کی 66 فیصد آبادی، مجموعی طورپر 9 لاکھ افراد مستفید ہونگے

پشاور(جنرل رپورٹر)پشاور کے بعد صوابی میں بھی ’’صحت انصاف کارڈز ‘‘کی تقسیم کاعمل شروع کردیاگیا، وزیرصحت شہرام تراکئی نےگزشتہ روز یونین کونسل ترلاندی میں منعقدہ تقریب میں مستحق افراد کو کارڈز دے کرتقسیم کے عمل کاباقاعدہ آغاز کیا۔ صوبے کے مستحق لوگوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کے شروع کردہ ’صحت سہولت پروگرام‘‘ کے تحت ضلع صوابی کی 66 فیصد آبادی یعنی ایک لاکھ تیرہ ہزار مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈز جاری کئے جائیں گے جس کے نتیجے میں مجموعی طورپر نولاکھ افراد اس سہولت سے مستفید ہونگے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیرصحت نے کہا کہ یہ سکیم موجودہ صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اور اخلاقی اقدامات میں سب سے اہم اوربڑا منصوبہ ہے جو صوبے کے غریب اورمستحق لوگوں کے لئے شروع کیاگیاہے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت پہلی اور واحد حکومت ہے جو اپنے صوبے کی آدھی سے بھی زائد آبادی کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت مفت فراہم کررہی ہے ‘انہوں نے واضح کیا کہ صحت انصاف کارڈ تمام ترسیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر صرف حقدار لوگوں کو دیئے جائیں گے۔ کارڈز کی تقسیم میں انصاف کے تقاضوں کو ہرلحاظ سے پورا کیاجائے گا اور حق دار کو اس کا حق مل کررہے گا۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اس مثالی فلاحی منصوبے کو ہرقیمت پرکامیاب بنایا جائے گاانہوں نے کارڈ کے تحت حاصل ہونے والے علاج معالجے کی مفت سہولیات کے دائرے کو وسیع کرکے اس میں مزید بیماریوں کے علاج معالجے کو بھی شامل کرنے کا عندیہ دیا۔اس موقع پر صحت سہولت پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹرریاض تنولی نے اس سکیم کے تحت حاصل ہونے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوںنے بتایا کہ صحت انصاف کارڈ ہولڈرز کو چینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی زونگ کی طرف سے موبائل سیم بھی دئے جائیں گے جس کے ذریعے کارڈ ہولڈر کو اس سکیم کے بارے میں تفصیلات مہیا کی جائیں گی۔
تازہ ترین