خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بھٹو کا دیا ہوا آئین ملکی سالمیت، استحکام اور انسانی حقوق کی ضمانت ہے، پیپلز پارٹی نے ذوالفقارعلی بھٹو سے بلاول بھٹو تک عوام کی طاقت کو اپنا محور ومرکز بنایا ہوا ہے۔
پیپلز پارٹی کے 49ویں یوم تاسیس پر ایک بیان میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت اورملکی استحکام کیلئے کئی کارہائے نمایاں سرانجام دیے، 1973 کا متفقہ آئین، ایٹمی ٹیکنالوجی کا قیام، پاک چین دوستی اورمیزائل ٹیکنالوجی پیپلزپارٹی ہی کی بدولت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پیپلزپارٹی کی طویل اور تاریخی جدوجہد موجود ہے، جس کا سلسلہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو سے محترمہ بینظیربھٹو تک پھیلا ہواہے، پیپلز پارٹی عوامی حمایت اور ووٹ سے 50 سال میں 5 بار برسراقتدار آئی، ہمیشہ عوام کی فلاح وبہبود اور ملکی استحکام وترقی کیلئے کام کیا، ذوالفقارعلی بھٹو اورشہید بی بی نے ملک وقوم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ آج کا دور ذوالفقارعلی بھٹو اور بینظیربھٹو کے وژن کا دور ہے، ان کا وژن جمہوریت، سچائی، اور عوام کا وژن ہے، جسے پارٹی کا ہر لیڈر لے کر چل رہا ہے، اسی وژن کے ساتھ ہم اس قوم کو ایک عظیم قوم بنائیں گے۔