جھنگ کے صوبائی حلقے پی پی 78میں کل ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے رینجرز کی نگرا نی میں پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے ۔ فوج اور رینجرز کو مجسٹریٹ اور اینٹی ٹیرایزم ایکٹ کےتحت اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔ نشست ن لیگ کی راشدہ یعقوب کی نااہلی پر خالی ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جھنگ کے ضلع کو نسل ہال میں قائم ریٹرننگ افسر کے دفتر سے پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سا مان کی ترسیل کی جا رہی ہے جس کی نگرانی پاک رینجرز کر رہی ہے ۔
رینجرز کو انتخابی سامان کی بحفاظت ترسیل کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور پولنگ کے حوالے سے سیکورٹی کے انتظا مات کی ذمہ داری بھی آرمی اور رینجرز کے سپرد کی گئی ہے،جو پولنگ اسٹیشن کے احاطہ میں الرٹ رہیں گے اور انہیں مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے ۔
الیکشن کمیشن کے مطا بق فوج اور رینجرز کو پولنگ کے روز انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 4اور 5 کے تحت خصوصی اختیارات بھی حاصل ہوں گے ۔