• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیرپور : تصادم کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 14 افراد زخمی

خیرپور (بیورو رپورٹ) فیض گنج، کھوڑا اور کوٹ لالو میں راجپر کلہوڑا اور شر برادریوں کے درمیان مسلح تصادم ایک خاتون سمیت  14افراد زخمی، زخمیوں کو علاقائی اسپتالوں میں داخل کرادیا گیا۔ پہلا تصادم فیض گنج کے قریب گوٹھ کاٹھڑی میں ہوا جہاں راجپر برادری کے دو گر وپوں کے درمیان پلاٹ کے تنازع پر تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں ربنواز راجپر اور محمد اسماعیل راجپر سمیت 5افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال پہنچایا گیا، متاثرین کے مطابق 6مسلح افراد نے ان پر حملہ کر کے زخمی کر دیا، جبکہ دوسرا واقعہ کھوڑا کے قریب گوٹھ جاڑا کھوہ میں ہوا، جہاں  پرانی دشمنی پر کلہوڑا برادری کے دو گر وپوں کے درمیان مسلح تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک عورت سمیت 4افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں محرم علی ،خمیسو خان،تنویر کلہوڑواور ایک عورت مسماۃ  سوناکلہوڑو شامل ہیں جن کو مقامی اسپتال  میں داخل کر دیا گیا ہے جبکہ کوٹ لالو کے قریب اراضی کے تنازع پر شر برادری کے دو گر وپوں کے درمیان مسلح تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو کوٹ لالو اور تعلقہ اسپتال فیض گنج میں داخل کرادیا گیا، تصادم کے بعد دونوں گر وپوں میں کشیدگی پھیل گئی اور دونوں گروپ مورچہ بند ہو گئے  تاہم پولیس فورس نے مزید رد عمل کو روک لیا۔
تازہ ترین