گجرات (نمائندہ جنگ) ضلع کونسل گجرات کے چیئرمین اور میونسپل کارپوریشن کے میئر کیلئے سیاسی جماعتیں سرگرم ہو گئیں، بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلہ کیلئے ضلع کونسل گجرات کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور میونسپل کارپوریشن گجرات کی میئرشپ اور وائس میئرشپ کیلئے مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق نے دیگر جماعتوں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں، مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین کی ہمشیرہ سمیرا الٰہی ضلع کونسل گجرات کے چیئرمین شپ کی امیدوار ہیں جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار نوابزادہ طاہر الملک ہیں، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری وجاہت حسین نے گجرات آ کر مختلف سیاسی جماعتوں سے ووٹ حاصل کرنے کیلئے رابطے بھی کیے ہیں۔، تحریک انصاف کے جیتنے والے ممبرز ضلع کونسل نے مسلم لیگ ق کی امیدوار سمیرا الٰہی کی حمایت کے امکانات زیادہ ہیں، دوسری جانب میونسپل کارپوریشن گجرات کی میئرشپ کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی ناصر محمود کو واضح اکثریت حاصل ہے۔