اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے گزشتہ روز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سی ڈی اے آرڈیننس 1960ءکا ترمیمی بل جمع کرایا جس کا مقصد سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کی زمینوں کا ناجائز حصول روکنا ہے۔ اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے سفید ہاتھی بن چکا ہے اور اپنی مرضی سے معصوم عوام کی زمینوں پر قابض ہوتا جا رہا ہے۔ زمین ان کے مالکان سے زبردستی لے کر ڈویلپمنٹ کے نام پر سیکٹرز کی تعمیر کر کے اربوں کمائے جاتے ہیں۔ سی ڈی اے ان زمینوں کے مالکان کو جائز معاوضہ بھی ادا نہیں کرتا ۔ اسد عمر نے کہا کہ ریاست کے عوام کو اپنی مرضی سے جینے کا حق حاصل ہے لہٰذا دارالحکومت میں رہنے والے تمام لوگوں کو اپنی مرضی سے اپنی زمینوں کے فیصلے کرنے کا اختیار ہونا چاہئے ۔ تمام متاثرین کے واجبات جلد از جلد ادا کئے جائیں۔